کمشنر لاہور مریم خان، سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ اور سی ٹی او لاہور ڈاکٹر اطہر وحید نے آزادی چوک پر سیفٹی روڈ کیمپ کا باضابطہ افتتاح کیا جہاں موٹر سائیکلز پر سیفٹی راڈز لگائے گئے۔
کمشنر لاہور مریم خان، سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ اور سی ٹی او لاہور اطہر وحید نے موٹرسائیکلز پر سیفٹی راڈز لگانے کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کمشنر لاہور مریم خان نے کہا کہ شہریوں خصوصاً بائیکرز کی سیفٹی اور سکیورٹی کیلئے خصوصی مہم کا آغاز کیا ہے،وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ و پولیس کا عملی اقدام ہے، تین روزہ بسنت کے دوران سیفٹی راڈ کے بغیر کوئی موٹر سائیکل لاہورکی سڑکوں پر نہیں آئے گی۔
یہ بھی پڑھیں: پتنگ کی ڈور نے ایک اور نوجوان کو موت کے دہانے پر پہنچا دیا
ان کا کہنا تھا کہ محفوظ بسنت کیلئے بائیک پروٹیکشن و بائیکر ز کی سیفٹی کے لیے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، 6 فروری 2026سے پہلے ضلع لاہور میں پتنگ بازی کی قطعا اجازت نہیں،محفوظ بسنت کی تاریخوں و قوانین کی خلاف ورزی پر سخت کریک ڈاؤن کی ہدایات دی ہیں۔
کمشنر لاہور نے کہا کہ صرف ضلع لاہور کی حدود میں تین روزہ "محفوظ بسنت" 6،7 اور فروری 2026 کو ہو رہی ہے، بسنت کے دنوں میں شہر میں فری رائیڈ سروس فراہم کی جائے گی، شہر میں پتنگ و ڈور کی فروخت کی اجازت صرف یکم فروری تا 8 فروری 2026 ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کائٹ فلائنگ مٹیریل مینوفیکچرنگ کی اجازت بھی صرف ضلع لاہور میں ہے، صرف رجسٹرڈ مینوفیکچررز، ٹریڈرز اور سیلرز کو ہی کاروبار کی اجازت ہو گی، کائٹ فلائنگ آرڈیننس 2025 کے تحت موٹرسائیکل سوار سیفٹی وائرز/راڈز لگانے کے پابند ہیں۔
اس کو بھی پڑھیں: بسنت فیسٹیول کیلئے لاہور کو تین کیٹیگریز میں تقسیم کرنے کا فیصلہ
کمشنر لاہور نے کہا کہ محفوظ بسنت ثقافتی تہوار کے دوران تمام محکمے ضلعی انتظامیہ و پولیس کے معاون کار ہونگے، شہریوں کے تحفظ کیلئے ہر قدم اٹھائیں گے، شہری بھی محفوظ بسنت کیلئے اپنا کلیدی کردار ادا کریں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ شہر لاہور میں قائم سیفٹی روڈ کیمپس سے اپنی موٹر سائیکلز پر فری سیفٹی راڈز لگوائیں، یہ محض مہم نہیں بلکہ شہریوں کی سیفٹی و سکیورٹی کیلئے باقاعدہ عملی قدم ہے۔
سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے بتایا کہ شہر میں 100 روڈ سیفٹی کیمپس سے روزانہ 50 تا 60ہزار موٹر سائیکلز پر سیفٹی راڈز لگائے جارہے ہیں۔
سی ٹی او لاہور ڈاکٹر اطہر وحید نے کہا کہ محفوظ بسنت کیلئے روڈ سیفٹی کیمپس سے 10 لاکھ سے زائد سیفٹی راڈز موٹرسائیکلز پر لگائے جائیں گے۔