صوبائی دارالحکومت لاہور میں بسنت فیسٹیول 6، 7 اور 8 فروری کو منایا جائے گا، اس سلسلے میں حکومت نے لاہور کو تین کیٹیگریز میں تقسیم کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے مطابق لبرٹی، والڈ سٹی اور مال روڈ کو بسنت کا پلاٹینم زون قرار دے دیا گیا ہے۔
اسی طرح جیل روڈ اور فیروزپور روڈ کو گولڈ زون میں شامل کر لیا گیا جبکہ باقی لاہور شہر بسنت کے لیے سلور زون قرار دیا گیا ہے، بسنت فیسٹیول کی سرگرمیاں زون وائز منعقد ہوں گی، سڑکوں پر حفاظتی کیمپس کے علاوہ تمام سرگرمیاں سپانسرشپ سے کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ بسنت کے لیے مختلف تقریبات کا شیڈول بھی ترتیب دے دیا گیا ہے، بسنت کی تقریبات کا باقاعدہ آغاز 6 فروری کو ہو گا، وزیر اعلٰی پنجاب مریم نواز 6 فروری کو بسنت کی مرکزی تقریب کا آغاز کریں گی۔
یہ بھی پڑھیں: بسنت کے موقع پر اکٹھی 4 چھٹیوں کا امکان
ذرائع کے مطابق 6 فروری کی شام کو شاہی قلعہ لاہور میں افتتاحی تقریب منعقد کی جائے گی، افتتاحی تقریب میں صوبائی وزراء، اہم سیاسی شخصیات اور اعلیٰ سرکاری افسران کو مدعو کیا جائے گا۔
پنجاب حکومت ذرائع کا بتانا ہے کہ 7 فروری دوپہر میں شاہی قلعہ ہی میں ایک خصوصی تقریب منعقد ہو گی جس میں غیر ملکی سفارت کاروں کو مدعو کیا جائے گا، غیر ملکی سفارت کاروں کو مدعو کرنے کا مقصد پاکستان کی ثقافت اور روایتی تہوار کو عالمی سطح پر اجاگر کرنا ہے۔
ذرائع کے مطابق 6 اور 7 فروری کو شاہی قلعہ میں منعقد ہونے والی تقریب میں عام عوام کا داخلہ بند ہو گا۔
اس کو بھی پڑھیں: بسنت کے موقع پر لاہوریوں کیلئے بڑی سہولت کا اعلان
ڈی جی پنجاب ہارٹی کلچر اتھارٹی راجہ منصور احمد نے کہا ہے کہ بسنت کے دوران لاہور کو دلہن کی طرح سجانے کی تیاریاں بھی جاری ہیں، لاہور میں بسنت کے موقع پر چھتوں کے ساتھ پارکس اور کھلے مقامات پر بھی ایس او پیز کے ساتھ پتنگ بازی کی اجازت ہو گی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ لاہور کے پارکس بھی بسنت کی رنگینیوں کا حصہ بنیں گے، بسنت صرف چھتوں تک محدود نہیں رہےگی، پورے لاہور میں بسنت ہے پارکس بھی لاہور کا حصہ ہیں۔