صوبائی وزیر ناصر شاہ کا کہنا ہے کہ سہیل آفریدی سندھ میں سیاسی سرگرمیاں کر سکتے ہیں اور جلسہ بھی کر سکتے ہیں، پی ٹی آئی سمیت کسی بھی سیاسی جماعت کی پرامن جدوجہد کو نہیں روکا جا سکتا، تاہم اگر قانون کی خلاف ورزی ہوئی تو مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ جلسوں پر کوئی پابندی نہیں ہے، پی ٹی آئی نے کورنگی اور ساؤتھ میں بھی جلسے کی درخواست دی ہے، جبکہ باغِ جناح میں جلسے کی اجازت بھی طلب کی گئی ہے۔
دوسری جانب خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی سندھ کے تین روزہ دورے پر کراچی پہنچے تو صوبائی وزیر سعید غنی نے ایئرپورٹ پر ان کا استقبال کیا اور سندھی اجرک اور ٹوپی پہنائی۔ سہیل آفریدی کو ایئرپورٹ سے ریلی کی صورت میں انصاف ہاؤس لایا گیا، دورے کے دوران سہیل آفریدی باغ جناح کا دورہ کریں گے جہاں کل اتوار کو تحریک انصاف کا جلسہ ہو گا۔
یہ بھی پڑھیں: سہیل آفریدی کی کراچی آمد، سعید غنی نے استقبال کیا
اپنے ویڈیو پیغام میں سہیل آفریدی نے کہا کہ سندھ کے عوام بھرپور تیاری کریں اور سٹریٹ موومنٹ میں ساتھ دیں، بانی پی ٹی آئی کا پیغام سندھ کے کونے کونے تک پہنچاؤں گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اتوار ساڑھے 4 بجے کراچی میں مزار قائد پر شہر کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ کریں گے۔
کراچی پریس کلب میں میٹ دی پریس سے خطاب میں خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے کہا کہ حق کے مطابق پیسے ملتے تو کے پی دیگر صوبوں سے زیادہ ترقی کر لیتا، کل تاریخی جلسہ کرینگے۔ سہیل آفریدی کا کہنا تھاکہ بڑی تعداد میں عوام استقبال کیلئے آئے، پریس کلب پہنچنے میں تاخیر ہوئی۔
انہوں نے کہا پنجاب بھی گیا لیکن وہاں ہمارے ساتھ اچھا برتاؤ نہیں ہوا، لاہور میں ہم جہاں کھانا کھانے جاتے تھے وہ مارکیٹ بند ہوجاتی تھی، آئین میں کہاں لکھا ہے کہ ایک وزیر اعلیٰ دوسرے صوبے میں سیاست نہیں کرسکتا ؟۔وزیراعلیٰ سندھ خیبرپختونخوا آئیں تو ہم عزت و تکریم دینگے۔