ڈاکٹرز کا اہم کارنامہ، ننھے فرشتے کی جان بچا لی
Children Hospital Faisalabad
فائل فوٹو
فیصل آباد: (سنو نیوز) فیصل آباد کے چلڈرن اسپتال میں ڈاکٹرز نے بروقت اور کامیاب طبی مداخلت کے ذریعے 3 سالہ بچے کی جان بچا لی۔

 تفصیلات کے مطابق ننھے بچے کے گلے میں پھنسا دروازے کا تالا کامیاب آپریشن کے ذریعے نکال لیا گیا۔

یہ پیچیدہ آپریشن ماہر گیسٹرو انٹرالوجسٹ ڈاکٹر نگینہ شہزادی نے اپنی میڈیکل ٹیم کے ہمراہ انجام دیا، ڈاکٹر نگینہ شہزادی نے سنو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ بچہ گزشتہ چار دن سے شدید تکلیف میں مبتلا تھا اور اسے سانس لینے اور خوراک نگلنے میں مشکلات کا سامنا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: مسافر بس کھائی میں جاگری، 5 افراد جاں بحق

ڈاکٹرز کے مطابق چار دن قبل بچہ کھیلتے ہوئے دروازے کا تالا نگل گیا تھا جو اس کے گلے میں پھنس گیا، بچے کا تعلق ضلع چنیوٹ سے ہے اور والدین علاج کے لیے مختلف مقامات پر مارے مارے پھرتے رہے، تاہم بالآخر فیصل آباد چلڈرن اسپتال پہنچنے پر بچے کو فوری طبی امداد فراہم کی گئی۔

کامیاب آپریشن کے بعد بچے کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے، بچے کے والدین نے ماہر ڈاکٹر نگینہ شہزادی اور ان کی ٹیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا، اسپتال انتظامیہ نے بھی ڈاکٹرز کی اس کوشش کو قابلِ تحسین قرار دیا۔