میدانی علاقوں میں دھند کے ڈیرے، موٹروے مختلف مقامات سے بند
پنجاب کے میدانی علاقوں میں سورج ڈھلتے ہی دھند نے ڈیرے ڈال لیے، حد نگاہ انتہائی کم ہونے پر موٹروے کو مختلف مقامات سے ٹریفک کیلئے بند کر دیا گیا۔
فائل فوٹو
لاہور: (سنو نیوز) پنجاب کے میدانی علاقوں میں سورج ڈھلتے ہی دھند نے ڈیرے ڈال لیے، حد نگاہ انتہائی کم ہونے پر موٹروے کو مختلف مقامات سے ٹریفک کیلئے بند کر دیا گیا۔

ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق موٹروے ایم ٹو لاہور سے کوٹ مومن تک دھند کی وجہ سے بند کر دی گئی، لاہور ملتان موٹروے ایم 3 بھی فیض پور سے درخانہ تک دھند کی وجہ سے بند کر دی گئی۔

موٹروے پولیس ترجمان نے بتایا کہ موٹروے ایم 4 پر بھی حد نگاہ کم ہونے کے باعث گوجرہ سے عبدالحکیم تک ٹریفک کا داخلہ روک دیا گیا جبکہ سکھر ملتان موٹر وے ایم 5 بھی دھند کی وجہ سے ٹریفک کے لیے بند ہے۔

اسی طرح موٹروے ایم ون کو بھی پشاور سے برہان انٹرچینج تک دھند کے باعث بند کر دیا گیا، موٹروے ایم 11 بھی لاہور سے سیالکوٹ تک دھند کی وجہ سے بند کر دی گئی جبکہ موٹروے ایم 14 پر بھی عیسیٰ خیل 209 سے 113 تڑاپ تک ٹریفک کا داخلہ ممنوع ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب کے بیشتر شہروں میں بارش کی پیشگوئی

ترجمان موٹروے پولیس نے کہا کہ موٹرویز بند کرنے کا مقصد شہریوں کے جان ومال کی حفاظت ہے، شہری موٹروے پر غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور دن کے اوقات میں سفر کو ترجیح دیں۔

موٹرو ترجمان نے مزید کہا کہ صبح 10 بجے سے شام 6 بجے تک موٹروے پر سفر کے مناسب اوقات ہیں، دوران سفر اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھیں اور فوگ لائٹس کا استعمال یقینی بنائیں۔

دوسری جانب جھنگ روڈ ایم فور موٹروے انٹرچینج کے قریب افسوسناک ٹریفک حادثہ پیش آگیا جہاں جانوروں سے بھرا ایک مزدا گاڑی پر الٹ گیا۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق افسوسناک حادثے میں 4 افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ چار افراد شدید زخمی ہوئے، ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے زخمیوں کو ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیا، حادثے میں متعدد جانور بھی زخمی ہوئے ہیں۔