قاضی انور نے علیمہ خان سے وائس میسج کے ذریعے معافی مانگی، جس میں انہوں نے اپنے سابقہ بیانات پر افسوس اور شرمندگی کا اظہار کیا۔
وائس میسج میں قاضی انور ایڈووکیٹ نے کہا کہ میں علیمہ خان سے مکمل عزت اور احترام کے ساتھ معافی مانگتا ہوں، میں نے غلط معلومات کی بنیاد پر علیمہ خان سے متعلق کچھ الفاظ ادا کیے جو مناسب نہیں تھے، اپنے اس عمل پر شرمندہ ہوں۔
قاضی انور ایڈووکیٹ نے مزید کہا کہ علیمہ خان ان کیلئے ایک بہتر اور قابلِ احترام شخصیت ہیں، عمران خان ان کے لیڈر ہیں اور ان کی بہنوں کے بارے میں کسی بھی قسم کی نازیبا یا توہین آمیز گفتگو نہیں ہونی چاہیے، سیاسی اختلافات اپنی جگہ، لیکن ذاتی عزت و احترام کو ہر حال میں مقدم رکھنا چاہیے۔
یاد رہے کہ قاضی انور ایڈووکیٹ نے چند روز قبل صوبائی صدر انصاف لائر فورم اور پاکستان تحریک انصاف کی بنیادی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں:لائیو پروگرام میں احسن اقبال کو دھمکی، پروگرام بند کروا دیا
استعفے کے بعد ایک نجی ٹی وی ٹاک شو میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے علیمہ خان سے متعلق سخت جملے ادا کیے تھے جس پر پارٹی حلقوں اور سوشل میڈیا پر شدید ردعمل سامنے آیا تھا۔
ٹاک شو میں قاضی انور کا کہنا تھا کہ علیمہ خان کو ان سے کسی بات پر اعتراض تھا اور انہی کے کہنے پر پی ٹی آئی قیادت نے ان کے ساتھ ناروا سلوک کیا۔