لائیو پروگرام میں احسن اقبال کو دھمکی، پروگرام بند کروا دیا
Ahsan Iqbal video call cut
فائل فوٹو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) نجی ٹی وی چینل کے شو کے دوران ایک غیر معمولی اور حیران کن واقعہ پیش آیا جب براہِ راست نشریات میں شریک وفاقی وزیر احسن اقبال کی ویڈیو کال اچانک منقطع کر دی گئی۔

واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوتے ہی صارفین کی جانب سے مختلف سوالات اور قیاس آرائیاں سامنے آ رہی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر احسن اقبال پی ٹی آئی کے ساتھ جاری یا ممکنہ مذاکرات کے حوالے سے گفتگو کر رہے تھے اور بذریعہ ویڈیو کال پروگرام میں شریک تھے۔

رات تقریباً 11 بج کر 16 منٹ پر اچانک اس وقت صورتحال بدل گئی جب ایک نامعلوم شخص وہاں آیا جہاں احسن اقبال موجود تھے، احسن اقبال نے بات کرتے ہوئے نظریں اٹھا کر اس شخص کی طرف دیکھا، اسی لمحے واضح آواز سنائی دی:

بند کرو، بند کرو اسے۔

اگلے ہی لمحے نامعلوم شخص نے موبائل فون پر جھپٹنے کی کوشش کی، تاہم احسن اقبال نے گھبراہٹ میں فون خود اٹھایا اور ویڈیو کال منقطع ہو گئی۔ یہ منظر براہِ راست ٹی وی پر نشر ہوا جس سے ناظرین کے ساتھ ساتھ اینکر وسیم بادامی بھی حیران و پریشان دکھائی دیے۔

وسیم بادامی نے فوری طور پر سوال اٹھایا کہ آیا احسن اقبال اپنے گھر سے پروگرام میں شریک تھے یا کسی اور مقام پر۔ انہوں نے اپنی ٹیم کو ہدایت دی کہ معاملے کی تفصیلات معلوم کی جائیں۔

یہ بھی پڑھیں:وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کا دورہ لاہور، سکیورٹی پلان جاری

وقفے کے بعد تقریباً 7 منٹ بعد شو دوبارہ شروع ہوا تاہم اس وقت احسن اقبال کے واقعے پر کوئی وضاحت سامنے نہیں آئی۔

وقفے کے بعد پروگرام میں مہمان بھی تبدیل ہو چکے تھے، پی ٹی آئی رہنما شوکت یوسفزئی، صحافی اطہر کاظمی اور عامر الیاس رانا شو کا حصہ بنے۔ احسن اقبال تقریباً 30 منٹ بعد، یعنی 11 بج کر 46 منٹ پر دوبارہ پروگرام میں شامل ہوئے۔

وسیم بادامی کے سوال پر احسن اقبال نے مختصر جواب دیتے ہوئے کہا:

وہ ذرا کوئی… ہو گیا تھا، لیکن اب سب ٹھیک ہے۔

 ذرا کوئی کے بعد کا لفظ واضح طور پر سنا نہیں جا سکا۔

اینکر نے فی الحال مزید تفصیل نہ پوچھنے کا فیصلہ کیا، تاہم اس واقعے نے ایک بڑا سوال چھوڑ دیا ہے کہ 11:16 سے 11:46 تک احسن اقبال کہاں رہے اور وہ نامعلوم شخص کون تھا جس نے براہِ راست نشریات بند کروائیں؟ سوشل میڈیا پر اب یہی سوال گردش کر رہا ہے۔