وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کا دورہ لاہور، سکیورٹی پلان جاری
پنجاب حکومت نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کے دورہ لاہور کیلئے سکیورٹی پلان جاری کر دیا۔
فائل فوٹو
لاہور: (سنو نیوز) پنجاب حکومت نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کے دورہ لاہور کیلئے سکیورٹی پلان جاری کر دیا۔

محکمہ داخلہ پنجاب نے پولیس اور متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کر دیں، آئی جی پنجاب، سی سی پی او لاہور اور اسپیشل برانچ کو وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی خصوصی سکیورٹی کے احکامات جاری کر دیے گئے۔

ہوم ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ڈی آئی جی آپریشنز، اسپیشل برانچ اور ٹریفک پولیس کو وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے دورہ لاہورکے دوران الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ لاہور میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی نقل و حرکت کے دوران فول پروف سکیورٹی یقینی بنانے کا حکم دیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق ضلعی انتظامیہ لاہور کو وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے دورے کی کوآرڈینیشن کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ پنجاب پولیس کو وزیر اعلی خیبر پختونخوا کے قیام، سفر اور نقل و حرکت کی مکمل ذمہ داری تفویض کی گئی ہے ، دورے کے دوران کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچنے کے لیے سخت انتظامات کی ہدایت کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: مرزا شہزاد اکبر پر لندن میں حملہ، جبڑا ٹوٹ گیا

ذرائع محکمہ داخلہ پنجاب کا کہنا ہے کہ وزیر اعلی خیبر پختونخوا کے دورے کا تفصیلی شیڈول متعلقہ اداروں کو فراہم کردیا گیا ہے، پنجاب حکومت نے پنجاب اسمبلی، میڈیا سیشنز اور جیل وزٹ پر سکیورٹی مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے، وزیر اعلی خیبر پختونخوا کے دورے کے دوران ٹریفک پلان بھی ترتیب دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے تمام اداروں کو پیشگی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے جبکہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے دورے پر عملدرآمد رپورٹ محکمہ داخلہ کو ارسال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

خیال رہے کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی 26 سے 28 دسمبر تک لاہور کے دورے پر ہوں گے، وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی پنجاب اسمبلی کا دورہ کریں گے اور اراکین اسمبلی سے ملاقات کریں گے، وزیر اعلیٰ صحافیوں اور طلبہ سے ملاقاتوں میں بھی شرکت کریں گے۔

وزیر اعلی خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کوٹ لکھپت جیل کا دورہ کریں گے اور اسیر پی ٹی آئی رہنماؤں سے ملاقات کریں گے۔