خودساختہ جلاوطنی کاٹنے والے رہنما تحریک انصاف شہزاد اکبر نے نجی ٹی وی سے گفتگو میں تصدیق کی کہ حملے کے نتیجے میں انہیں چوٹیں آئی ہیں اور وہ زخمی ہوئے ہیں۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹویٹر) پر پی ٹی آئی کے آفیشل اکاؤنٹ سے بتایا گیا کہ پر بدھ کی صبح کیمبرج میں شہزاد اکبر کے گھر پر نامعلوم افراد کی جانب سےحملہ کیا گیا، حملہ آور نے ان کے چہرے پر بار بار مکے رسید کیے جس کے نتیجے میں ان کی ناک اور جبڑا ٹوٹ گیا۔
ایکس اکاؤنٹ سے جاری پیغام میں مزید کہا گیا کہ مقامی پولیس نے واقعہ سے متعلق تمام تفصیلات جمع کرلی ہیں اور تفتیش جاری ہے۔
یاد رہے کہ عمران خان کی حکومت میں مشیر احتساب رہنے والے مرزا شہزاد اکبر کو اس سے قبل نومبر 2023 میں بھی ہارٹفورڈشائر میں ان کے گھر پر حملے کا نشانہ بنایا جا چکا ہے، اس وقت ایک نقاب پوش شخص نے ان پر تیزابی مادہ پھینکا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: علیمہ خان کی شکایت پر تنازع، سینئر رہنما مستعفی
بعدازاں مرزا شہزاد اکبر نے سوشل میڈیا پیغام کے ذریعے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے ایک بیان میں کہا تھا کہ وہ نہ تو مرعوب ہوں گے اور نہ ہی جھکیں گے۔
انہوں نے اس حملے کو القادر ٹرسٹ کیس سے جوڑتے ہوئے الزام عائد کیا تھا کہ ان پر سابق وزیر اعظم عمران خان کے خلاف گواہی دینے کے لیے دباؤ ڈالا جارہا ہے۔
دوسری جانب ایکس پر متنازع بیانات کے ایک کیس میں اسلام آباد ہائیکورٹ مرزا شہزاد اکبر کو اشتہاری ملزم قرار دے چکی ہے جبکہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ سے ملاقات میں شہزاد اکبر کی حوالگی کے مطالبہ کرتے ہوئے کاغذات ان کے حوالے کیے تھے۔
خیال رہے کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان مطلوب شخصیات کی باضابطہ حوالگی کے حوالے سے کوئی معاہدہ موجود نہیں، تاہم دونوں ممالک کے مابین ایک انتظام موجود ہے جس کے ذریعے جرائم میں ملوث یا امیگریشن قوانین کی خلاف ورزی کرنیوالے پاکستانی شہریوں کو واپس بھیجا جا سکتا ہے۔