رہنما تحریک انصاف شیخ وقاص اکرم کہا کہ حکومت کے انداز سے سیاسی گھبراہٹ، فکری دیوالیہ پن جھلک رہا ہے، حکومت دوغلے پن اور عوام کو بیوقوف بنانے کیلئے مذاکرات کا نام استعمال کر رہی ہے۔
شیخ وقاص اکرم کا کہنا تھا کہ کہ پی ٹی آئی سے معافی مانگنے کا مطالبہ حکومت کی سیاسی گھبراہٹ اورفکری دیوالیہ پن کی علامت ہے، حکومت کو پیشگی شرائط پر مبنی مذاکرات کا مطالبہ نہیں کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت موجودہ سیاسی بحران کے مذاکراتی حل کیلئے تحریک تحفظ آئین پاکستان کے دروازے کھلے ہیں اور اس کیلئے حکومت محمود اچکزئی اورعلامہ راجہ ناصرعباس سے رابطہ کرسکتی ہے۔
شیخ وقاص اکرم کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کسی صورت موجودہ حکمران طبقے سے مذاکرات میں شامل نہیں ہوگی، شہبازشریف کی مذاکرات کی پیشکش دوغلاپن اور متضاد مؤقف ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی سنجیدہ مذاکرات کرے تو حکومت بھی تیار ہے، وزیر اعظم
واضح رہے کہ گزشتہ روز وفاقی کابینہ کے اجلاس کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے ایک بار پھر پی ٹی آئی کو مذاکرات کی پیشکش کی تھی۔
وزیراعظم نے کہا تھا کہ اسمبلی میں بارہا یہ موقف دیا جا چکا ہے کہ پاکستان کے تمام مسائل کا حل سیاسی مذاکرات اور بات چیت کے ذریعے ممکن ہے، ملک کی ترقی اور خوشحالی کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کے درمیان ہم آہنگی اور تعاون ناگزیر ہے۔
محمد شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ حکومت کسی بھی غیر قانونی مطالبے یا بلیک میلنگ کے تحت مذاکرات نہیں کرے گی، بلکہ صرف وہ معاملات زیر بحث آئیں گے جو قانونی اور جائز ہوں، سیاسی جماعتیں پاکستان کی بھلائی کیلئے ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور سنجیدہ مذاکرات کے ذریعے ملکی مسائل کے حل میں اپنا کردار ادا کریں۔