پی ٹی آئی سنجیدہ مذاکرات کرے تو حکومت بھی تیار ہے، وزیر اعظم
Shahbaz Sharif statement
فائل فوٹو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اگر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سنجیدہ مذاکرات کیلئے تیار ہے تو وفاقی حکومت بھی ہر وقت ڈائیلاگ کیلئے تیار ہے۔

انہوں نے کہا کہ غیر قانونی مطالبات اور بلیک میلنگ کے ساتھ کسی قسم کی بات چیت ممکن نہیں ہوگی، مذاکرات صرف جائز امور کی روشنی میں آگے بڑھ سکتے ہیں۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس کے دوران وزیراعظم نے کہا کہ حالیہ دنوں میں پی ٹی آئی اور اس کے ساتھی بار بار مذاکرات کی بات کر رہے ہیں، اگر وہ واقعی سنجیدہ ہیں تو حکومت بھی ڈائیلاگ کیلئے ہروقت دستیاب ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اسمبلی میں بارہا یہ موقف دیا جا چکا ہے کہ پاکستان کے تمام مسائل کا حل سیاسی مذاکرات اور بات چیت کے ذریعے ممکن ہے۔

شہباز شریف نے زور دیا کہ ملک کی ترقی اور خوشحالی کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کے درمیان ہم آہنگی اور تعاون ناگزیر ہے، پارلیمانی جمہوریت میں ہر جماعت کا کردار اہم ہے اور اختلافات کو جمہوری عمل کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں:اس بار احتجاج کیلئے پوری تیاری ہے، شفیع جان

وزیراعظم نے اس بات پر بھی زور دیا کہ حکومت کسی بھی غیر قانونی مطالبے یا بلیک میلنگ کے تحت مذاکرات نہیں کرے گی، بلکہ صرف وہ معاملات زیر بحث آئیں گے جو قانونی اور جائز ہوں۔

انہوں نے اپیل کی کہ سیاسی جماعتیں پاکستان کی بھلائی کیلئے ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور سنجیدہ مذاکرات کے ذریعے ملکی مسائل کے حل میں اپنا کردار ادا کریں۔