عمران خان کی بہن کو بچاتے ہوئے شاہد خٹک کی پاؤں کی ہڈی ٹوٹ گئی
پی ٹی آئی رکن قومی اسمبلی (ایم این اے) شاہد خٹک
شاہد خٹک کی عمران خان کی بہن کو بچاتے ہوئے پاؤں کی ہڈی ٹوٹ گئی/ فائل فوٹو
راولپنڈی (سنو نیوز): پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی (ایم این اے) شاہد خٹک عمران خان کی بہن کو بچاتے ہوئے نالے میں جا گری اور پاؤں کی ہڈی ٹوٹ گئی، پی ٹی آئی ایم این اے کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور رکنِ قومی اسمبلی شاہد خٹک گزشتہ شب اس وقت شدید زخمی ہوگئے جب وہ عمران خان کی بہن عظمیٰ خان کو بچاتے ہوئے نالے میں جا گرے۔ واقعہ اس وقت پیش آیا جب اڈیالہ جیل کے باہر عمران خان سے ملاقات نہ کرائے جانے کے خلاف ان کی بہنوں اور پارٹی رہنماؤں نے دھرنا دیا ہوا تھا، جہاں پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے واٹر کینن کا استعمال کیا۔

عینی شاہدین کے مطابق جب پولیس کی جانب سے شدید پریشر کے ساتھ ٹھنڈا پانی پھینکا گیا تو حالات بے قابو ہونے لگے۔ اسی دوران پی ٹی آئی کی رکن عظمیٰ خان پانی کے زور سے توازن برقرار نہ رکھ سکیں۔ شاہد خٹک نے فوری طور پر آگے بڑھ کر انہیں سہارا دینے کی کوشش کی اور اسی کوشش میں وہ پھسل کر قریب موجود نالے میں جا گرے۔ گرنے کے نتیجے میں ان کے پاؤں کی ہڈی ٹوٹ گئی اور انہیں فوری طبی امداد فراہم کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: پولیس کا آپریشن، اڈیالہ کے باہر علیمہ خان کا دھرنا ختم

ذرائع کے مطابق واقعے کے وقت موسم شدید سرد تھا، اور واٹر کینن کے ذریعے پھینکا جانے والا یخ بستہ پانی نہ صرف مظاہرین کو مکمل طور پر بھگو چکا تھا بلکہ خواتین، بزرگ اور کارکنان شدید متاثر ہوئے۔ خاص طور پر عمران خان کی بہنیں (علیمہ خان، نورین خان اور عظمیٰ خان) پانی کے پریشر سے بری طرح گیلی ہوگئیں، جبکہ متعدد کارکن زخمی ہو گئے۔

پارلیمانی رہنما شاہد خٹک اس دھرنے کے دوران عمران خان کی بہنوں کے ساتھ موجود تھے اور صورتحال کو پُرامن رکھنے کی کوشش کر رہے تھے۔ ان کے زخمی ہونے کے بعد پارٹی رہنماؤں نے سخت ردِعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ سب اس وقت ہوا جب وہ صرف عدالت کے حکم کے مطابق عمران خان سے ملاقات کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ احتجاج مکمل طور پر پُرامن تھا مگر پولیس نے غیر ضروری طاقت کا استعمال کیا۔

یاد رہے پی ٹی آئی ایم این اے شاہد خٹک کی چوٹ کے بعد انہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے ان کے پاؤں کی ہڈی ٹوٹنے کی تصدیق کی۔ پارٹی رہنماؤں نے ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی اپیل بھی کی ہے۔