علی امین گنڈاپور کے وارنٹ گرفتاری جاری
Ali Amin Gandapur arrest warrant
فائل فوٹو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس نے سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سردار علی امین گنڈاپور کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔

جوڈیشل مجسٹریٹ مبشر حسن کی سربراہی میں سماعت ہوئی، کیس کے حکمنامے میں واضح کیا گیا کہ قانونی کارروائی کو آگے بڑھانے کیلئے وارنٹ گرفتاری جاری کرنا ناگزیر ہو گیا ہے۔

عدالت نے سماعت کے دوران نوٹس دیا کہ علی امین گنڈاپور متعدد بار عدالت میں طلب کیے جانے کے باوجود پیش نہیں ہوئے۔

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس نے سماعت کو مزید 5 جنوری تک ملتوی کر دیا، تاکہ قانونی عمل اور ملزم کی حاضری کو یقینی بنایا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں:پولیس کا آپریشن، اڈیالہ کے باہر علیمہ خان کا دھرنا ختم

ذہن نشین رہے کہ علی امین گنڈاپور اور دیگر افراد کیخلاف تھانہ بارہ کہو میں دو مقدمات درج ہیں، جو حقیقی آزادی مارچ سے متعلق ہیں۔

واضح رہے کہ ان مقدمات میں سابق وزراء اور سیاسی رہنماؤں کی شمولیت شامل تھی، جس میں بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان، شاہ محمود قریشی، زرتاج گل اور دیگر افراد پہلے ہی دونوں مقدمات سے بری ہو چکے ہیں، تاہم علی امین گنڈاپور کی غیرحاضری اور عدالت کی بار بار طلب کے باوجود پیش نہ ہونا قانونی پیچیدگی پیدا کر رہا ہے۔