"ایک ذہنی مریض پاک فوج کیخلاف بیانیہ بنا رہا، اسکی سیاست ختم ہو چکی"
ترجمان پاک فوج لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا ہے کہ ایک سزا یافتہ شخص پاک فوج کے خلاف بیانیہ بنا رہا ہے، اس کی سیاست ختم ہو چکی ہے۔
فائل فوٹو
راولپنڈی: (سنو نیوز) ترجمان پاک فوج لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا ہے کہ ایک سزا یافتہ شخص پاک فوج کے خلاف بیانیہ بنا رہا ہے، اس کی سیاست ختم ہو چکی ہے۔

راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ترجمان پاک فوج لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری کا کہنا تھا کہ چیف آف ڈیفنس فورسز کی تقرری پرسب کومبارکبادپیش کرتا ہوں، چیف آف ڈیفنس فورسز کے ہیڈ کوارٹرز کا آغاز ہو چکا ہے، چیف آف ڈیفنس فورسز ہیڈ کوارٹرز جنگی معاملات میں آگاہی فراہم کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں قومی سلامتی کودرپیش چیلنجز کے بارےمیں بات کرنی ہے، منفی بیانیے کا خاتمہ وقت کی اہم ضرورت ہے، ہم بارہا واضح کر چکے ہیں کہ مسلح افواج پاکستان کی محافظ ہیں، پاک فوج اورعوام کے درمیان دراڑ ڈالنے کی اجازت نہیں دیں گے، ہم پاکستان کی سالمیت کے لیے دن رات کوشاں ہیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ ہم کسی کے ایجنڈے پر نہیں ملک کی حفاظت کیلئے کام کر رہے ہیں، مسلح افواج کی قیادت کو نشانہ بنانے والے قوم کے خیرخواہ نہیں، اپنی سیاست کو افواج پاکستان سے دور رکھیں ،ہماری مسلح افواج عوام اور ہندو توا سوچ کے درمیان ڈھال کا کردار ادا کر رہی ہیں ۔

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ کبھی آئی ایم ایف کو قرض نہ دینے کا بیانیہ بنایا جاتا ہے، کس قانون کے تحت سزا یافتہ شخص پاک فوج کے خلاف بیانیہ بنا رہاہے، وہ شخص کہتاہے فوج کی قیادت کو ٹارگٹ کرو، یہ واضح ہے یہ شخص جو چاہتا ہے وہ نہیں ہو سکتا، ایک شخص یہ سمجھتا ہے کہ جو پاک فوج سےتعلق رکھے گا وہ غدارہے۔

یہ بھی پڑھیں: ایک سزا یافتہ پاکستانی فوج کیخلاف بیانیہ بنا رہا ہے، ترجمان پاک فوج

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری کا کہنا تھا کہ ملاقات کے بعد پاک فوج کے خلاف مسلسل بیانیہ آرہا ہے، اپنی ذات کیلئے فوج پر حملہ کرنے والوں کے ساتھ نمٹا جائے گا، ان کا سب سے بڑا سہولت کار بھارتی میڈیا ہے، ذہنی مریض نے 2 روزقبل ٹویٹ کیا، تم ہو کون؟تم کس کی زبان بول رہے ہو؟ انڈین را کے اکاؤنٹس ان کے ٹویٹ والے بیانیے کو چلا رہےہیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ اس شخص نے جی ایچ کیو پر حملہ کرایا تھا، قومی سلامتی پر اظہار رائے کی آئین اجازت نہیں دیتا، سیاسی شعبدہ باز کا وقت ختم ہو چکا ہے، بھارت اور افغانستان سے کہا جا رہا ہے کہ ہمارامشترکہ دشمن فوج ہے، بھارت اور افغانستان سے کہا جا رہا ہے آپ کا اور ہمارا مقصد ایک ہے، بھارتی میڈیا مخصوص ٹولے کا سب سے بڑا سہولت کارہے۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ آپ اقتدارمیں ہوں توجمہوریت،نہ ہوں تو آمریت؟ آپ کے پاس ایک صوبے کی حکومت ہے اس کی بات کیوں نہیں کرتے،سوشل میڈیا کے ذریعے جھوٹ پھیلایا جا رہا ہے، ایک شخص نےبجلی کےبل جمع نہ کرانےکی ترغیب دی، افواج پاکستان کے خلاف بیانیے پر بہت پیسے خرچ کیے جا رہے ہیں، اس کی پارٹی سے پوچھیں تو کہتے ہیں ہمیں نہیں معلوم بیانیہ کہاں سے چلتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان کا بیانیہ خوارج سے مذاکرات کا ہے، یہ لوگ خیبرپختونخوا میں فتنہ الخوارج کا دفتر کھلوانا چاہتے تھے،بھیک سے سکیورٹی نہیں ملتی، اگرملتی توغزہ کایہ حال نہ ہوتا، ہم نے 8 گنا بڑی فوج کے سامنے کھڑے ہو کر دکھایا ہے، یہ کہتے ہیں افغانیوں کے خلاف پالیسی غلط ہے، کیا پاکستان کی سکیورٹی کابل سے گرانٹ ہو گی۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ ہم کہیں نہیں جا رہے، ہم حق پرہیں اورحق پر رہیں گے، کیا پاکستان کی سکیورٹی بھارت اور افغانستان فراہم کرے گا؟ان کی پاک فوج سے خدا واسطے کی دشمنی ہے ، تمہاری سوئی فوج کے خلاف کیوں اٹکی ہوئی ہے۔

اس کو بھی پڑھیں: چیف آف ڈیفنس فورسز تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ یہ کہتے ہیں خوارج کو سپیس دی جائے، ذہنی مریض کی ساری باتیں انٹرنیشنل میڈیا پک کرتا ہے، بھارت نے حملہ کیا یہ ذہنی مریض ہوتا تو کشکول لے کر چل پڑتا، یہ شخص لوگوں کو بھڑکاتا ہے کہ فوج کے خلاف باتیں کرو، ذہنی مریض اور اس کے حواری صبح ہوتے ہی فوج کے خلاف شروع ہو جاتے ہیں۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری کا کہنا تھا کہ ذہنی مریض کی پوری سیاست فوج کے خلاف ہے، سمگلنگ ہوتی ہے ہم اس پرکارروائی کرتے ہیں، اصل بیانیہ اس ذہنی مریض نے دیا ہے، ہم کسی سیاسی جماعت کاایجنڈالےکرنہیں چل رہے، فتنہ الخوارج اورعوام کےدرمیان فوج ہی کھڑی ہے، کسی کاباپ بھی پاک فوج اور عوام میں دراڑ نہیں ڈال سکتا۔

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ خیبرپختونخوا نے نیشنل ایکشن پلان کے تحت جو کام کرنے ہیں وہ نہیں کر رہا،ان لوگوں نے ہر چیز پر سیاست کو حاوی کر دیا ہے، دہشت گردی کیلئے خیبرپختونخوا میں مساجد کو استعمال کیا جاتا ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ بھارتی میڈیا پی ٹی آئی کی زبان بنا ہوا ہے، بھارتی حملے کے وقت یہ مریض ہوتا تو کشکول لے کر نکل پڑتا، خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ کی گفتگو بھی بھارتی میڈیا پر دکھائی جاتی ہے، ہم تو قومی میڈیا سے انگیج کرتے ہیں، آپ کچھ لوگوں کو بیوقوف بنا سکتے ہیں لیکن سب کو نہیں۔

یہ بھی دیکھیں: فیلڈ مارشل عاصم منیر کی بطور چیف آف ڈیفنس فورسز تعیناتی کی منظوری

انہوں نے کہا کہ اس سے پہلے پاک فوج نے واضح طور پر کسی کے خلاف نہیں کہا یہ سکیورٹی تھریٹ ہے، ماضی میں سیاستدانوں نے کبھی ایسانہیں کیا جو یہ شخص کر رہا ہے، اس کی سیاست ختم ہو چکی ہے، غداری کے سرٹیفکیٹ بانٹنے والے تم کون ہوتے ہو؟ جو اپنی فوج یا اس کی لیڈرشپ پر حملہ کرتا ہے تو کیا وہ کسی اور فوج کیلئے سپیس پیدا کرنا چاہتا ہے؟

ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ ہمیں بھی کلیئر ہے اور عوام کو بھی کہ یہ نہیں ہو سکتا، افواج پاکستان اورعوام کے درمیان کسی کو دراڑ ڈالنے کی اجازت نہیں ، ایسے کسی بیانیے کی اجازت نہیں دی جائے گی جو سکیورٹی اور ڈیفنس فورسز کے خلاف ہو، گورنر راج لگانا نہ لگانا حکومت کا فیصلہ ہے وہی کرے گی، گورننس کو بہتر بنانے اور احتساب کرنے کی ضرورت ہے۔