چیف آف ڈیفنس فورسز سے متعلق نوٹیفکیشن جعلی قرار
حکومت پاکستان
حکومتِ پاکستان نے چیف آف ڈیفنس فورسز سے متعلق نوٹیفکیشن کی تردید کی/ فائل فوٹو
اسلام آباد (سنو نیوز): حکومتِ پاکستان نے چیف آف ڈیفنس فورسز سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے نوٹیفکیشن کو مکمل طور پر جعلی قرار دیتے ہوئے اس کی سختی سے تردید کر دی۔

تفصیلات کے مطابق مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ایک مبینہ سرکاری نوٹیفکیشن تیزی سے وائرل ہو رہا تھا، جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ حکومت نے نئے چیف آف ڈیفنس فورسز کی تقرری کا اعلان کر دیا ہے۔ تاہم حکومتی ترجمان نے واضح کیا ہے کہ یہ نوٹیفکیشن جھوٹا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی

 دوسری جانب وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ نوٹیفکیشن سے متعلق چیزیں پراسیس میں ہیں، کسی بھی وقت آسکتا ہے، چائے کی پیالی میں طوفان کھڑا کیا جا جا رہا ہے۔

اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ جیل میں ملاقاتوں سے متعلق قوانین دہائیوں سے نافذ ہیں، بانی پی ٹی آئی کی اڈیالہ جیل میں ملاقاتیں اور محفلیں لگتی رہی ہیں، نواز شریف جیل میں تھے تواس دوران انہوں نے پٹیشن دائر کی تھی، سپریم کورٹ کا یہ آرڈر پی ٹی آئی کی درخواست پر آیا تھا، نواز شریف نے اس وقت کہا تھا کہ یہ آئین کے ساتھ مذاق ہوگا، نواز شریف نے کہا تھا جو کنگ نہیں بن سکتا اسے کنگ میکر کا اختیار دینا آئین سے مذاق ہوگا۔