لاہور میٹرو بس کا شاہدرہ سیکشن بند
Lahore Metro
فائل فوٹو
لاہور:(ویب ڈیسک) لیسکو کے ہائی وولٹیج کیبلز کی منتقلی کے باعث لاہور میٹرو بس کا اہم حصہ آج مکمل طور پر بند جس کی وجہ سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

لاہور میں میٹرو بس سروس کا شاہدرہ تک جانے والا پورا سیکشن آج اچانک بند کر دیا گیا جس کے باعث ہزاروں مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

انتظامیہ کے مطابق لیسکو نے شاہدرہ سیکشن کے قریب ہائی وولٹیج پاور لائنر کی منتقلی کا بڑا انجینیرنگ کام شروع کردیا ہے جس کے بعد میٹرو بس کی محفوظ آمد و رفت ممکن نہیں رہی۔

میٹرو بس اب صرف گجومتہ سے ایم اے او کالج تک چلائی جارہی ہے جبکہ ایم اے او کالج سے شاہدرہ تک تمام اسٹیشنز مکمل طور پر بند کر دیے گئے ہیں۔ حکام نے واضح کیا ہے کہ یہ فیصلہ مسافروں کی حفاظت کے پیش نظر کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: دوسری شادی کیلئے اجازت نامہ لازمی قرار

ادارے کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ میٹرو بس کی بحالی لیسکو کے کام مکمل ہونے سے مشروط ہے اور جیسے ہی ہائی وولٹیج لائن شفٹنگ کا عمل مکمل ہوگا ٹریفک معمول کے مطابق بحال کر دی جائے گی۔

انتظامیہ کی طرف سے مسافروں کو ہدایت جاری کر دی گئی ہے کہ وہ متبادل ٹرانسپورٹ کا استعمال کریں۔

لیسکو کے مطابق کیبلز کی منتقلی شہر میں بجلی کے مضبوط اور محفوظ نظام کے لیے ناگزیر ہے جبکہ میٹرو انتظامیہ نے کہا ہے کہ کام مکمل ہوتے ہی نیا شیڈول جاری کر دیا جائے گا۔