پنجاب: ٹریفک خلاف ورزی پر تقریباً 50 ہزار گاڑیوں کو جرمانہ
traffic fines
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر تقریباً 50 ہزار گاڑیوں کو بھاری جرمانے عائد کیے جا چکے ہیں۔

 ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر نے اتوار کے روز دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیا جس کے بعد اس ماہ صوبے بھر میں بھرپور مہم جاری ہے۔

اب تک 48,400 سے زائد گاڑیوں کو اخراج (ایمیشن) قواعد کی خلاف ورزی پر چالان کیا جا چکا ہے۔ حکام نے 10 گاڑیوں کے فٹنس سرٹیفکیٹ معطل کر دیے ہیں جبکہ بار بار خلاف ورزی کرنے والی 16 سے زیادہ گاڑیوں کے روٹ پرمٹ بھی منسوخ کیے جا چکے ہیں۔

ٹریفک پولیس حکام کے مطابق، زائد دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں پر اب تک 9 کروڑ 70 لاکھ روپے سے زائد کے جرمانے عائد کیے جا چکے ہیں جو گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 85 فیصد زیادہ ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: 16 دسمبر سے اسکولوں میں سرمائی تعطیلات کا اعلان

پولیس نے مزید بتایا کہ ماحولیاتی اور ٹریفک قوانین کی سنگین خلاف ورزیوں پر سات ایف آئی آر بھی درج کی گئی ہیں۔

جاری مہم کے دوران اہلکاروں نے 7,700 سے زائد گاڑیوں کو چیک کیا جبکہ مٹی اور ریت لے جانے والی 2,100 سے زیادہ اون کارڈ ٹرالیاں بھی سڑکوں پر آلودگی پھیلانے پر جرمانہ ہوئیں۔ حکام نے مزید کہا کہ جو بھی گاڑی دھواں خارج کرے گی اسے 2,000 روپے جرمانہ کیا جائے گا اور ممکنہ طور پر اضافی قانونی کارروائی بھی ہو سکتی ہے۔