سموگ پیشگوئی مرکز رپورٹ کے مطابق یکم نومبر سے 14 نومبر کے دوران گزشتہ اور رواں سال میں نمایاں بہتری دیکھی جا سکتی ہے، 14 دن کے دوران پنجاب کے تمام اضلاع کی سیٹلائٹ تصاویر کا ڈیٹا ماضی کی نسبت صورتحال میں بہتری دکھا رہا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سیٹلائٹ سے لی گئی تصاویر فضائی بہتری کے لیے گراؤنڈ ورک کی کامیابی کا ثبوت ہے، گزشتہ سال کے 14 دن کے دوران سموگ کی شدت دیکھی جاسکتی ہے، سموگ پر قابو پانے اور فضائی بہتری میں ہر سال بتدریج بہتری آئے گی، فضائی معیار کی بہتری مسلسل عمل ہے۔
سموگ پیشگوئی مرکز کی جانب سے جاری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ڈیٹا کے مطالعے سے بھٹوں سے اٹھنے والے دھوئیں میں بھی نمایاں کمی دیکھنے میں آئی، زگ زیگ ٹیکنالوجی کے استعمال سے صورتحال گزشتہ سال کے مقابلے میں نمایاں بہتری دکھا رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب میں سموگ کی شدت بڑھنے کا خدشہ، ایڈوائزری جاری
رپورٹ کے مطابق آلودگی جانچنے کے جدید سینسرز کی تنصیب اور سٹیشنز کا قیام فضائی بہتری اور سموگ پر قابو پانے کی کوشش میں سنگ میل کہا جا سکتا ہے، ماضی میں جدید آلات اور مشینری کا استعمال نہیں ہو رہا تھا جس سے صورتحال کی نگرانی اور ڈیٹا کی فراہمی بھی ممکن نہیں تھی۔
سموگ پیشگوئی مرکز کے مطابق گاڑیوں اور صنعتوں کے دھوئیں کی پڑتال اور عالمی معیار کے طریقوں کو اختیار کرنے سے بہتری کا عمل شروع ہوا، یہ توقع درست نہیں ہوگی کہ چند ماہ میں موسمیاتی تغیر کے مقابلے میں سو فیصد نتائج برآمد ہوں گے۔