جلالپور پیروالہ: مسافر بس اور دو موٹرسائیکلوں میں تصادم، 4 افراد جاں بحق
جلالپور پیروالہ میں مسافر بس اور دو موٹرسائیکلوں کے نتیجے میں 4 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔
فائل فوٹو
جلالپور پیروالہ: (سنو نیوز) جلالپور پیروالہ میں مسافر بس اور دو موٹرسائیکلوں کے نتیجے میں 4 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔

 

ریسکیو ذرائع کے مطابق جلالپور پیروالہ میں ناصر موڑ کے قریب تیز رفتار بس نے دو موٹرسائیکلوں کو رونڈ ڈالا، حادثہ اس قدر شدید تھا کہ موٹرسائیکلیں کئی فٹ دور جا گریں اور متاثرین کو سنبھلنے کا کوئی موقع تک نہ ملا، حادثے کے نتیجے میں موٹر سائیکل پر سوار چاروں افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں اور پولیس کی نفری جائے حادثہ پر پہنچ گئی، ریسکیو ٹیموں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے جاں بحق چاروں افراد کی لاشوں کو سول ہسپتال منتقل کر دیا جبکہ ڈرائیور جائے حادثہ سے فرار ہو گیا۔

یہ بھی پڑھیں: اسلحہ لائسنس کی کمپیوٹرائزیشن کے حوالے سے حکومت پنجاب کا بڑا فیصلہ

پولیس نے بس کو تحویل میں لے کر ڈرائیور کی تلاش شروع کر دی ہے تاکہ اس غلطی کے ذمہ دار کو قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔

پولیس ذرائع کا بتانا ہے کہ افسوسناک حادثہ میں جاں بحق افراد کی شناخت ابوبکر، حمزہ ، یاسر اور محمد علی کے ناموں سے ہوئی ہے، جاں بحق چار افراد میں دو سگے بھائی بھی شامل تھے جن میں سے ایک کی آج مہندی کل بارات تھی۔

ذرائع کے مطابق حادثہ مسافر بس ڈرائیور کی مبینہ غلفت کی وجہ سے پیش آیا، بس شہبازقلندر سےمسافروں کو واپس لے کر ملتان جارہی تھی۔