حیدرآباد: پٹاخوں کی فیکٹری میں دھماکہ، 3 افراد جاں بحق، 7 زخمی
حیدر آباد میں پٹاخوں کی فیکٹری میں دھماکے سے ایک شخص جاں بحق جبکہ 7 شدید زخمی ہو گئے۔
فائل فوٹو
حیدرآباد: (سنو نیوز) حیدر آباد میں پٹاخوں کی فیکٹری میں دھماکے سے 3 افراد جاں بحق جبکہ 7 شدید زخمی ہو گئے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق افسوسناک واقعہ حیدر آباد کے علاقے لطیف آباد میں پیش آیا، ریسکیو ٹیموں نے جائے وقوعہ سے 8 افراد کو سول ہسپتال منتقل کردیا۔

ایم ایس سول ہسپتال ڈاکٹر مجیب نے بتایا ہے کہ دھماکے کے مقام سے ابھی تک 10 افراد کو سول ہسپتال منتقل کیا گیا ہے، واقعہ میں تین افراد جاں بحق ہوئے جبکہ 7 شدید زخمی ہیں، جاں بحق ہونے والوں میں سے ایک شخص کی شناخت رشید کے نام سے ہوئی ہے۔

ڈاکٹر مجیب کا کہنا تھا کہ سول ہسپتال منتقل کیے گئے تمام زخمی 80 فیصد تک جھلسے ہوئے ہیں، منتقل کیے گئے تمام افراد مرد ہیں۔

صوبائی وزیر داخلہ ضیا الحسن لنجا نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ ایس ایس پی حیدرآباد فی الفور ابتدائی کارروائی پر مشتمل تفصیلات سے آگاہ کریں، چیک کیا جائے فیکٹری کے پاس لائسنس تھا یا نہیں۔

یہ بھی پڑھیں: آئمہ کرام کو ماہانہ 25 ہزار وظیفہ دینے کیلئے فنڈز طلب

وزیر داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ پٹاخوں کی فیکٹری اگر قانون کے برخلاف کام کررہی ہے تو مالک و دیگر ذمہ داران کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے، لائسنس کی موجودگی اور تصدیق کے لئے متعلقہ مجاز اتھارٹی سے تصدیق کرائی جائے، تفتیش سے متعلق جملہ ضروری اقدامات سے آگاہ رکھا جائے۔

گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے بھی پٹاخوں کی فیکٹری میں دھماکے کے واقعہ پر افسوس اور واقعے میں ایک شخص کے جاں بحق اور 7 افراد کے زخمی ہونے پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا، گورنر سندھ نے متعلقہ اداروں کو فوری رپورٹ پیش کرنے اور فیکٹری میں آتشزدگی کے اسباب جاننے اور ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کی۔

کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے، انسانی جانوں کا ضیاع قابلِ افسوس ہے، ایسے حادثات کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات ضروری ہیں۔