یومِ اقبالؒ: مزارِ اقبال پر گارڈز تبدیلی کی پُروقار تقریب
Allama Iqbal Day
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) شاعرِ مشرق، حکیم الامت علامہ محمد اقبالؒ کے 148 ویں یومِ پیدائش کے موقع پر ملک بھر میں عقیدت و احترام کے ساتھ تقریبات منعقد کی جا رہی ہیں۔

لاہور میں مزارِ اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پُروقار تقریب ہوئی، جہاں پاک بحریہ کے چاق و چوبند دستے نے گارڈز کے فرائض سنبھال لیے۔

تقریب میں پاک بحریہ کے افسران، سرکاری شخصیات اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، اس موقع پر مزارِ اقبال پر پھول چڑھائے گئے اور شاعرِ مشرق کے ایصالِ ثواب کیلئے دعا کی گئی۔ تقریب کے دوران قومی ترانے کی دھن پر گارڈز کی تبدیلی کا متاثر کن مظاہرہ حاضرین کی توجہ کا مرکز بنا۔

یومِ اقبال کے موقع پر ملک کے مختلف شہروں میں بھی خصوصی تقاریب، سیمینارز اور مشاعرے منعقد کیے جا رہے ہیں جن میں علامہ اقبال کی فکر و فلسفے کو اجاگر کیا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:چائنیز اسکالرشپ کونسل نے مکمل فنڈڈ اسکالرشپس کا اعلان کر دیا

علامہ محمد اقبالؒ 9 نومبر 1877 کو سیالکوٹ میں پیدا ہوئے، انہوں نے ابتدائی تعلیم اپنے آبائی شہر سے حاصل کی، بعد ازاں لاہور اور اعلای تعلیم کیلئے برطانیہ چلے گئے۔ اقبالؒ نے اپنی شاعری اور فلسفیانہ فکر کے ذریعے مسلمانوں میں خودی، بیداری اور آزادی کا شعور پیدا کیا۔

واضح رہے کہ سیالکوٹ میں واقع اقبال منزل آج بھی ان کی یادوں کو تازہ رکھے ہوئے ہے، جہاں ان کے زیرِ استعمال اشیاء جیسے کرسی، میز، بیڈ اور حقہ اپنی اصل حالت میں محفوظ ہیں۔