پاکستان آرمی کے ریٹائرڈ افسر کرنل (ر) عامر ظفر، جو بائیکرز کمیونٹی میں اپنے کال سائن ایگل کے نام سے مشہور ہیں، ملک میں ابھرتے ہوئے ہیوی بائیکنگ کلچر کو منظم اور مثبت سمت دینے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
صرف چار سال قبل شوق کے طور پر ہیوی بائیکنگ شروع کرنے والے کرنل ریٹارڈ عامر آج نوجوانوں، اسپورٹس ڈیولپمنٹ اور روڈ سیفٹی کے نمایاں راہنما بن کر سامنے آئے ہیں۔
2023میں انہوں نے پاکستان کا پہلا ہیوی بائیکنگ کلب روڈ ریبلز شروع کیا، اگلے سال انہوں نے اسپورٹس ایونٹ مینجمنٹ فرم MXD (موٹو کراس اور ڈریگ) قائم کی، جس کے تحت انہوں نے Trailblazers کلب کی بنیاد رکھی۔
یہ کلب آج راولپنڈی اسلام آباد کا سب سے بڑا ہیوی بائیکنگ کلب ہے جس کے ارکان کی تعداد 145 سے زائد ہے، ان میں مختلف شعبہ جات سے وابستہ پروفیشنلز شامل ہیں۔
اپنے پلیٹ فارم سے کرنل ریٹارڈ عامر ظفر نہ صرف بائیکنگ کو فروغ دے رہے ہیں بلکہ اسے معاشرتی اور تربیتی مشن میں تبدیل کر چکے ہیں۔
ان کے اہم اقدامات میں نوجوانوں کو مثبت اور فعال طرزِ زندگی کی طرف لانا، والدین اور نوجوانوں کو محفوظ بائیکنگ کے حوالے سے آگاہی دینا اور نوجوانوں کو موبائل اور ویڈیو گیمز سے دور کر کے جسمانی سرگرمیوں کی جانب مائل کرنا ہے۔