اس موقع پر علی حیدر گیلانی نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی عوام دوست جماعت ہے اور ہر سیاسی کارکن کو بلا کسی دباؤ کے پارٹی میں شامل ہونے کا موقع فراہم کرتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ملتان سے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) میں شامل ہونے والے یہ دونوں ٹکٹ ہولڈرز پہلے میرے خلاف الیکشن بھی لڑ چکے تھے، لیکن اب انہوں نے پارٹی کے منشور اور عوامی خدمت کے مقصد کو مدنظر رکھتے ہوئے شمولیت اختیار کی۔
چیئرمین پی ای سی نے یہ بھی واضح کیا کہ دونوں رہنماؤں نے بغیر کسی پریشر یا دباؤ کے پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کی، انہیں پارٹی کے صوبائی حلقوں میں اہم عہدے بھی تفویض کیے گئے ہیں تاکہ وہ اپنے حلقوں میں عوام کی خدمت اور پارٹی کی پالیسیوں کو فروغ دے سکیں۔
یہ بھی پڑھیں:وفاقی کابینہ نے 27 ویں آئینی ترمیم کی منظوری دے دی
علی حیدر گیلانی کا مزید کہنا تھا کہ یہ شمولیت پاکستان پیپلز پارٹی کے عوام دوست رویے اور سیاسی وسعت کا ثبوت ہے، پارٹی ہر اس شخص کو خوش آمدید کہتی ہے جو عوامی خدمت کے جذبے کے ساتھ سیاست میں حصہ لینا چاہتا ہے۔
دوسری جانب پارٹی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ مستقبل میں مزید سیاسی رہنماؤں کی شمولیت سے پارٹی کا دائرہ کار وسیع ہوگا اور عوامی مسائل کے حل میں مزید مدد ملے گی۔