یہ فیصلہ آئی جی اسلام آباد کی خصوصی ہدایت پر ڈرائیونگ لائسنس مہم کے دوسرے مرحلے میں کیا گیا ہے۔
چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) حمزہ ہمایوں کے مطابق اسلام آباد ٹریفک پولیس کی سہولت وینز شہر کے چار بڑے ناکوں پر موجود ہوں گی جن میں زیرو پوائنٹ، فیض آباد، جی-14 اور فارن آفس ناکہ شامل ہیں۔ ان ناکوں پر شہری باآسانی لرنر پرمٹ حاصل کر سکیں گے۔
سی ٹی او نے بتایا کہ یہ اقدام شہریوں کو سہولت فراہم کرنے اور بغیر لائسنس ڈرائیونگ کے مسئلے پر قابو پانے کیلئے کیا جا رہا ہے، جن افراد کے پاس ڈرائیونگ لائسنس یا لرنر پرمٹ نہیں ہوگا، انہیں موقع پر ہی پرمٹ جاری کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں:ایم اے او کالج کے قریب ٹرک رکشہ پر الٹ گیا، میاں، بیوی، بیٹا، بہو جاں بحق
اسلام آباد ٹریفک پولیس کے مطابق یہ مہم اس مقصد سے شروع کی گئی ہے کہ شہری قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے ذمہ دار ڈرائیور بنیں۔ اس اقدام سے شہریوں کو ٹریفک دفاتر کے چکر لگانے سے نجات ملے گی اور وقت کی بچت بھی ہوگی۔
ٹریفک پولیس کی جانب سے شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اس سہولت سے فائدہ اٹھائیں اور بغیر لائسنس ڈرائیونگ سے گریز کریں۔