ن لیگ چارسدہ کے نائب صدر بابر خان کھائی میں گر کر جاں بحق
Babar Khan death in Babar Khan
فائل فوٹو
ایبٹ آباد: (ویب ڈیسک) ایبٹ آباد کے خوبصورت سیاحتی مقام گلیات میں مسلم لیگ (ن) چارسدہ کے نائب صدر بابر خان عمرزئی سیر و تفریح کے دوران گہری کھائی میں گر کر جاں بحق ہوگئے۔

پولیس ذرائع کے مطابق بابر خان اپنے دوستوں کے ہمراہ چارسدہ سے نتھیا گلی سیر کیلئے آئے تھے، وہ پہاڑ کی بلندی پر کھڑے تھے کہ اچانک پاؤں پھسلنے کے باعث توازن برقرار نہ رکھ سکے اور تقریباً تین سو فٹ گہری کھائی میں جا گرے۔

ریسکیو 1122 کی ٹیم نے موقع پر پہنچ کر لاش کو بڑی مشکل کے بعد کھائی سے نکالا اور نتھیا گلی اسپتال منتقل کر دیا۔

عینی شاہدین کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب بابر خان تصویریں بنوا رہے تھے، اچانک پیر پھسلنے سے وہ نیچے جا گرے، جس کے نتیجے میں ان کے سر اور جسم کے دیگر حصوں پر شدید چوٹیں آئیں اور وہ موقع پر ہی دم توڑ گئے۔

یہ بھی پڑھیں:سابق وزیراعلیٰ سندھ آفتاب شعبان میرانی انتقال کر گئے

واضح رہے کہ بابر خان مسلم لیگ (ن) چارسدہ کے متحرک رہنما اور نائب صدر کے طور پر اپنی جماعت میں نمایاں حیثیت رکھتے تھے، ان کی ناگہانی موت کی خبر نے سیاسی و سماجی حلقوں میں گہرے دکھ کی لہر دوڑا دی۔

پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں نے گہرے رنج و افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے درجات کی بلندی اور اہلِ خانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔