اسلام آباد بار کونسل کے انتخابات، عدالتوں میں تعطیل کا اعلان
اسلام آباد بار کونسل کے انتخابات کے سلسلے میں اسلام آباد ہائیکورٹ اور ماتحت عدالتوں میں تعطیل کا اعلان کردیا گیا۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (سنو نیوز) اسلام آباد بار کونسل کے انتخابات کے سلسلے میں اسلام آباد ہائیکورٹ اور ماتحت عدالتوں میں تعطیل کا اعلان کردیا گیا۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس سردار سرفرازڈوگر کی ہدایت پر رجسٹرار آفس نے یکم نومبر کو عدالتوں میں تعطیل کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

رجسٹرار اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق یکم نومبر کو اسلام آباد ہائیکورٹ اور ماتحت عدالتوں میں تعطیل ہو گی تاہم عدالتی دفاتر معمول کےمطابق کھلے رہیں گے۔

واضح رہے کہ اسلام آباد بار کونسل کے انتخابات یکم نومبر کو ہوں گی جس کی تمام تر تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں،بار کونسل انتخابات کے دوران ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز ایسٹ اور ویسٹ بطور پریذائیڈنگ آفیسرز خدمات سر انجام دیں گے جبکہ مجموعی طور پر20ججز پولنگ افسران کے طور پر فرائض نبھائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: بھاری بھرکم ای چالان سسٹم کیخلاف سندھ ہائیکورٹ میں درخواست دائر

اسلام آباد بار کونسل کے انتخابات میں 5 نشستوں کیلئے 21 امیدواروں کے درمیان جوڑ پڑے گا جبکہ 6 ہزار سے زائد وکلاء اپنا حق رائے دہی استعمال کرتے ہوئے اپنے نمائندوں کا انتخاب کریں گے۔

ہر ووٹر 5 امیدواروں کو ووٹ دے سکے گا، انتخابات کے لیے پولنگ کا عمل صبح 8 بجے سے شام 4 بجے تک جوڈیشل کمپلیکس میں جاری رہے گا، اسلام آباد بار کونسل کی جانب سے امیدواروں کی فہرست اور پولنگ ججز کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔