خیبرپختونخوا سے سینیٹ کی جنرل نشست پر ضمنی انتخابات منعقد ہوئے جس کے نتائج کا اعلان کردیا گیا۔
غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار خرم ذیشان 91 ووٹ لے کر سینیٹر منتخب ہو گئے جبکہ ان کے مدمقابل لیگی امیدوار تاج محمد آفریدی صرف 45 ووٹ ہی لے سکے۔
سینیٹ کے ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ کا عمل خیبرپختونخوا کے جرگہ اسمبلی ہال میں ہوا جس میں 137 اراکین صوبائی اسمبلی نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا، صوبائی الیکشن کمشنر سعید گل نے پولنگ کے دوران بطور ریٹرننگ افسر فرائض سر انجام دیے۔
تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار خرم ذیشان کو 91 جبکہ حزب اختلاف کے امیدوار تاج محمد آفریدی کو 45 ووٹ ملے، مجموعی ووٹوں میں سے ایک ووٹ مسترد ہوا جبکہ 8 اراکین نے ووٹ کاسٹ نہیں کیا۔
یہ بھی پڑھیں: عدالت کا علیمہ خان کو گرفتار کر کے 3 نومبر کو پیش کرنے کا حکم
واضح رہے کہ خیبرپختونخوا اسمبلی میں سینیٹ کی یہ جنرل نشست رہنما تحریک انصاف شبلی فراز کو 9 مئی کے مقدمات میں سزا ہونے اور ان کی نااہلی کے بعد خالی ہوئی تھی۔
سابق سینیٹر شبلی فراز نے آج ضمنی الیکشن رکوانے کے لیے اپنے وکیل کی وساطت سے سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا تاہم آئینی بنچ نے ضمنی انتخاب کو روکنے کی درخواست مسترد کر دی تھی۔
رہنما تحریک انصاف شبلی فراز نے اپنی نااہلی اور بطور سینیٹر ڈی نوٹیفکیشن کے خلاف پشاور ہائی کورٹ سے بھی رجوع کیا تھا تاہم ہائی کورٹ نے اس ماہ کے اوائل میں انہیں اور 2 دیگر ارکانِ قومی اسمبلی ریلیف دینے سے انکار کر دیا تھا اور الیکشن کمیشن کو خالی نشستیں پُر کرنے کی اجازت دی تھی۔