سرکاری بیان کے مطابق این سی آر سی کا اجلاس انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ سائنسز پشاور میں منعقد ہوا جس میں ملک بھر کی مختلف جامعات کے ممتاز ماہرینِ تعلیم اور شعبہ جاتی ماہرین نے شرکت کی۔ ایچ ای سی کے کریکولم ڈویژن نے اس جائزہ عمل کو سہولت فراہم کی۔
نیا نصاب بی بی اے، بی ایس، ایم بی اے، ای ایم بی اے، ایم ایس اور ایسوسی ایٹ ڈگری پروگرامز پر مشتمل ہے جسے جدید مارکیٹ رجحانات، عالمی معیار اور صنعتی ضروریات کے مطابق تیار کیا گیا ہے۔ ایچ ای سی کے مطابق اس نئے فریم ورک کا مقصد تعلیمی معیار کو مضبوط بنانا، عملی مطابقت کو فروغ دینا اور اعلیٰ تعلیمی اداروں میں ہم آہنگی کو یقینی بنانا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پیر سید جماعت علی شاہ کا عرس، یکم نومبر کو نارووال میں تعطیل
یہ ترمیم نیشنل کوالیفکیشن فریم ورک اور ایچ ای سی کی 2023 کی انڈرگریجویٹ اور گریجویٹ ایجوکیشن پالیسیوں کے مطابق کی گئی ہے۔
اجلاس کی صدارت ڈاکٹر نوخیز سرور، پروفیسر اور پرنسپل این یو ایس ٹی بزنس اسکول نے بطور کنوینر کی جبکہ ڈاکٹر فاروقِ اعظم چیمہ، پرووسٹ کے ایس بی ایل کراچی شریک کنوینر تھے۔ ایچ ای سی کے ڈپٹی ڈائریکٹر ہدایت اللہ کاکڑ نے اجلاس کے سیکرٹری کے طور پر فرائض انجام دیے۔