فضائی آلودگی: لاہور کے 5 بڑے سرکاری ہسپتالوں میں 19 ہزار مریض
ایک ہفتے میں لاہور کے 5 بڑے سرکاری ہسپتالوں میں فضائی آلودگی اور سموگ سے متاثرہ 19 ہزار سے زائد مریض رپورٹ ہوئے
ایک ہفتے میں لاہور کے 5 بڑے سرکاری ہسپتالوں میں فضائی آلودگی اور سموگ سے متاثرہ 19 ہزار سے زائد مریض رپورٹ ہوئے/ فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) ایک ہفتے میں لاہور کے 5 بڑے سرکاری ہسپتالوں میں فضائی آلودگی اور سموگ سے متاثرہ 19 ہزار سے زائد مریض رپورٹ ہوئے جبکہ سینکڑوں متاثرہ افراد سیلف میڈیکشن اور جنرل فزیشنز کے پاس نجی کلینکس پر جا رہے ہیں۔

لاہور میں فضائی آلودگی ماحولیاتی خطرہ بن چکی، گاڑیوں ، بھٹوں ، فیکٹریوں ،فصلوں کی باقیات کے جلانے سے نکلنے والا دھواں کاربن ڈائی آکسائیڈ گیس انسانی صحت کو شدید متاثر کر رہی ہے، فضائی آلودگی و سموگ کی وجہ سے اوسطا انسانی زندگی بھی کم ہو رہی ہے۔ شہر میں فضائی آلودگی کے باعث خشک کھانسی، سانس میں دشواری، نمونیا، چیسٹ انفیکشن، آنکھوں میں جلن اور جلدی امراض میں اضافہ ہونے لگا۔ میو ہسپتال میں 6 ہزار ، جناح میں 5 ہزار ، سروسز ہسپتال اور جنرل ہسپتال تقریبا 3، 3 ہزار سے زائد جبکہ گنگارام ہسپتال میں 2 ہزار سے زائد مریض ہیں۔

سابق وزیر صحت پنجاب پروفیسر جاوید اکرم کا کہنا تھا کہ فضائی آلودگی کی روک تھام کیلئے شجرکاری، پبلک ٹرانسپورٹ، الیکٹرک وہیکلز، فصلوں کی باقیات پر پابندی، صنعتی آلودگی پر قابو، عوامی آگاہی اور جدید ٹیکنالوجی و اصلاحات ضروری ہیں جبکہ اس وقت فضائی آلودگی کے باعث انفلوئنزا اور وائرل انفیکشن پھیلا ہے، بچے اور بزرگ بڑی تعداد میں بیمار ہو رہے ہیں، پھیپھڑوں اور دمہ کے مریضوں کو خاص احتیاط برتنے کی ضرورت ہے۔ جلدی امراض میں اضافہ اور آنکھیں بھی متاثر ہو رہی ہیں، سانس میں دشواری کے مریض گھروں سے باہر نہ جائیں، شہری ماسک اور عینک کا استعمال یقینی بنائیں، کم قوت مدافعت والے افراد اچھی خوراک، ڈرائی فروٹ اور قہوہ کا استعمال کریں۔

یہ بھی پڑھیں: لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں سموگ میں اضافے کا خدشہ

ادھر گوجرانوالہ میں سب سے زیادہ اے کیو آئی 562 ، فیصل آباد میں 436، ملتان میں اے کیو آئی 344، بہاولپور میں 208 ریکارڈ کیا گیا۔

لاہور شہر کا اوسط ائیر کوالٹی انڈیکس 388 تک جا پہنچا، آلودگی کے اعتبار سے لاہور پاکستان میں تیسرے نمبر پر آگیا۔ لاہور میں راوی روڈ کے علاقے کا ائیر کوالٹی انڈیکس 749 ، سید مراتب علی روڈ کا انڈیکس 515 ، ٹاؤن شپ کے علاقے کا انڈیکس 500 تک جا پہنچا، علامہ اقبال ٹاؤن کے علاقے کا ائیر کوالٹی انڈیکس 539 اور گلبرگ تھری کے علاقے کا ائیر کوالٹی انڈیکس 571 تک ریکارڈ کیا گیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آنے والے دنوں میں شہر لاہور کا موسم خشک رہے گا، بارش نہ ہونے کے باعث فضائی آلودگی کی شرح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور شہریوں میں بیماریاں پھیل رہی ہیں۔دوسری طرف پنجاب حکومت کی جانب سے فضائی آلودگی کی روک تھام کے لیے اقدامات بھی جاری ہیں، سموگ گنز کا استعمال کیا جا رہا ہے، کارخانوں اور بھٹوں کی نگرانی کی جا رہی ہے۔