وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پاکستان تحریک انصاف کے جلسے میں شرکت کے لیے کرک پہنچے تو اس دوران مختلف جگہوں پر پروٹوکول کے لیے سڑک کو بند کیا گیا جس پر انہوں نے ناراضی کا اظہار کیا۔
جلسے کے دوران کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ میں نے اپنے سکیورٹی چیف کو ہدایت کی تھی کہ میرے لیے کوئی روٹ نہیں لگایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ جب میں یہاں جلسہ گاہ آرہا تھا تو راستے میں گاڑیاں کھڑی ہوئی دیکھیں جس پر میں نے سکیورٹی چیف سے روٹ لگانے بارے استفسار کیا تو سکیورٹی چیف نے بتایا کہ صرف ایک منٹ کے لیے روٹ لگایا ہے تاکہ دشواری نہ ہو۔
یہ بھی پڑھیں: سہیل آفریدی کا صوبائی اسمبلی میں امن جرگہ بلانے کا فیصلہ
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ میں نے سکیورٹی چیف کو ایک منٹ کا بھی روٹ لگانے سے منع کیا تو انہوں نے بتایا کہ یہ سب آپ کی سکیورٹی کیلئے ضروری ہے، اگر ایک منٹ کا بھی روٹ نہیں لگا سکتے تو پھر میں استعفیٰ دے دیتا ہوں۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ میں نے اپنے سکیورٹی چیف کو استعفیٰ دینے سے روک دیا اور انہیں کہا کہ میں اپنے عوام کے سامنے ایک منٹ سڑک بند ہونے پر معافی مانگوں گا۔
سہیل آفریدی نے پروٹوکول کے دوران سڑک کی بندش پر عوام سے ہاتھ جوڑ کر معافی مانگ لی#PTI #PTIKhyberPakhtunkhwa #SohailAfridi #CMKPK pic.twitter.com/YtO6cZ4cIP
— Bilal khokhar (@Bilalkh1994) October 26, 2025
ان کا مزید کہنا تھا کہ میں عوام کو پہنچنے والی تکلیف پر معذرت خواہ ہوں، اسی کے ساتھ انہوں نے اس بات کا بھی اشارہ دیا کہ مستقبل میں بھی پروٹوکول کی وجہ سے شہریوں کو پروٹوکول کی وجہ سے پریشانی کا سامنا کرنا پڑے گا۔