لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں دوسرے نمبر پر آگیا
Lahore air pollution
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور ایک بار پھر دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں شامل ہو گیا۔

تازہ اعداد و شمار کے مطابق لاہور کا ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) خطرناک سطح 388 تک پہنچ گیا، جس کے بعد لاہور دنیا کے سب سے زیادہ آلودہ شہروں میں دوسرے نمبر پر آگیا ہے۔

واضح رہے کہ پنجاب کے مختلف شہروں میں فضائی آلودگی کی شدت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، جس سے شہریوں میں سانس، ناک، گلے اور آنکھوں کی بیماریاں تیزی سے پھیل رہی ہیں۔ اسپتالوں میں ماحولیاتی آلودگی سے متاثرہ مریضوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔

ماحولیاتی ماہرین کے مطابق لاہور کے مختلف علاقوں میں فضائی آلودگی کی صورتحال نہایت تشویشناک ہے۔ راوی روڈ پر ایئر کوالٹی انڈیکس 749، گلبرگ تھری میں 571، علامہ اقبال ٹاؤن میں 539، سید مراتب علی روڈ پر 515 اور ٹاؤن شپ میں 500 تک ریکارڈ کیا گیا، جو عالمی معیار کے لحاظ سے انتہائی خطرناک زمرے میں آتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:گیس اب کتنے گھنٹے ملے گی؟ نیا شیڈول جاری

 

 

دوسری جانب نئی دہلی 290 AQI کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے جبکہ کراچی آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں ساتویں نمبر، فیصل آباد، گوجرانوالہ اور ملتان میں بھی فضائی معیار مضر صحت قرار دیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ دنوں میں لاہور کا موسم خشک اور بغیر بارش کے رہنے کا امکان ہے، جس کے باعث آلودگی کی سطح مزید بڑھنے کا خدشہ ہے۔

دوسری جانب پنجاب حکومت کی جانب سے سموگ کے تدارک کیلئے اقدامات جاری ہیں،جس میں سموگ گنز کا استعمال، کارخانوں اور بھٹوں کی نگرانی اور غیرقانونی جلاؤ عمل کے خلاف کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔