کسی بھی سرحدی خلاف ورزی کا فیصلہ کن جواب دیا جائے گا: فیلڈ مارشل
آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ براہ راست یا بالواسطہ سرحدی خلاف ورزی کا فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔
فائل فوٹو
راولپنڈی: (سنو نیوز) آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ براہ راست یا بالواسطہ سرحدی خلاف ورزی کا فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف فیلڈمارشل سید عاصم منیر نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں 17ویں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکاء سے ملاقات کی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا کہنا تھا کہ بھارت کے حمایت یافتہ عناصر، فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان منفی پروپیگنڈے کے ذریعے عوام دشمن اور ترقی مخالف ایجنڈا پھیلا رہے ہیں، ریاست ان تمام دہشت گردوں کے خلاف بھرپور کارروائیاں کر رہی ہے تاکہ بلوچستان کو ان کے شر سے پاک کیا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت کی جغرافیائی وسعت کا من گھڑت حفاظتی تصور ختم کر دیں گے، فیلڈ مارشل

فیلڈ مارشل نے واضح کیاکہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کا خواہاں ہے تاہم اپنی علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی کا فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔

سید عاصم منیر کا کہنا تھا کہ بلوچستان پاکستان کا فخراورمحبِ وطن اور پُرعزم عوام کی سرزمین ہے، نوجوان ذاتی اورسیاسی مفادات سے بالاتر ہو کر صوبے کی خوشحالی اور ترقی میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کا اختتام ایک کھلے اور معلوماتی سوال و جواب کے سیشن پر ہوا۔