
خیبرپختونخوا میں سرکاری ادارے بغیر وزراء کے چلنے لگے، سرکاری محکموں کے سیکرٹریز بھی تذبذب کا شکار ہو گئے، کابینہ کی تشکیل کے لیے مشاورت کا عمل تاحال مکمل نہ ہو سکا۔
ذرائع کے مطابق نومنتخب وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات سے قبل کابینہ تشکیل پر کترانے لگے، وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی پیٹرن انچیف پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کے بعد کابینہ تشکیل دینے پر بضد ہیں۔
پارٹی ذرائع کا یہ بھی بتانا ہے کہ وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی کی پارٹی کے اہم ارکان سے رات گئے کابینہ تشکیل کے معاملے پر مشاورت ہوئی ہے، جنوبی اضلاع سے تعلق رکھنے والے 6 سے 7 اراکین کو کابینہ میں شامل کرنے پر غور کیا جارہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی عمران خان سے ملاقات کی درخواست پر نوٹس جاری
ذرائع کے مطابق مینا خان آفریدی اور مزمل اسلم کو کابینہ میں شامل کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے جبکہ کابینہ تشکیل کےلیے باقی ناموں پر مشاورت کا عمل جاری ہے۔
پارٹی ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ بعض اراکین کو کابینہ میں شامل یا خارج کرنے کی منظوری بانی پی ٹی آئی عمران خان خود دیں گے۔