پنجاب: سکولوں کے نئے اوقاتِ کار کا شیڈول تیار
پنجاب حکومت نے موسمِ سرما کے پیش نظر صوبے بھر کے سرکاری و نجی سکولوں کے نئے اوقاتِ کار کا شیڈول تیار کرلیا
پنجاب حکومت نے موسمِ سرما کے پیش نظر صوبے بھر کے سرکاری و نجی سکولوں کے نئے اوقاتِ کار کا شیڈول تیار کیا/ فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب حکومت نے موسمِ سرما کے پیش نظر صوبے بھر کے سرکاری و نجی سکولوں کے نئے اوقاتِ کار کا شیڈول تیار کرلیا۔ جو آج (20 اکتوبر 2025) سے نافذ ہو کر مارچ 2026 تک برقرار رہے گا۔

محکمہ تعلیم کے ذرائع کے مطابق نیا شیڈول حتمی منظوری کے مرحلے میں ہے اور وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو ارسال کر دیا گیا ہے۔ منظوری کے بعد باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔
دوسری جانب سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی افواہوں کے مطابق ہفتہ وار تعطیل ختم کرنے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے واضح کیا کہ ہفتہ وار چھٹی برقرار رہے گی جبکہ ہفتے کے روز سکول بند ہی رہیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: اے ٹی ایم میں رقم پھنس جائے تو یہ اقدامات کریں

نئے اوقاتِ کار کے تحت پنجاب کے تمام سکولوں میں صبح کی اسمبلی ساڑھے 8 بجے ہوگی جبکہ تعلیمی سرگرمیاں 8:45 بجے تک شروع کر دی جائیں گی۔
پرائمری سکولوں کا وقت دوپہر 1:30 بجے جبکہ مڈل اور ہائی سکولوں کا وقت دوپہر 2:00 بجے ختم ہوگا۔ جمعہ کے روز تمام سکولوں میں تدریسی اوقات صبح 8:30 سے دوپہر 12:30 بجے تک مقرر کیے جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق سرد موسم کے باعث طلبا و طالبات کو صبح کی شدید ٹھنڈ سے بچانے کیلئے اوقاتِ کار میں یہ تبدیلی کی گئی ہے۔ محکمہ تعلیم کی جانب سے والدین اور سکول انتظامیہ کو ہدایت کی جائے گی کہ موسمِ سرما کے دوران بچوں کو گرم ملبوسات اور مناسب حفاظتی انتظامات کے ساتھ سکول بھیجا جائے۔
واضح رہے کہ محکمہ تعلیم کی جانب سے موسمِ سرما کی تعطیلات کا اعلان بعد میں علیحدہ نوٹیفکیشن کے ذریعے کیا جائے گا۔