
پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما و سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ پاک افغان امن معاہدے کا خیر مقدم کرتے ہیں، افغانستان ہمارا برادر اسلامی اور قریبی ہمسایہ ملک ہے، پاک افغان تعلقات مذہبی، ثقافتی اور تاریخی رشتوں میں بندھے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تحفظات کو باہمی اعتماد اور تعاون سے حل کیا جانا چاہیے، دہشت گردی کے خاتمے اور تجارت کے فروغ کے لیے مذاکرات ضروری ہیں، افغانستان وسطی ایشیائی منڈیوں تک رسائی کا واحد زمینی راستہ ہے۔
دوحہ، قطر میں پاک۔افغان امن معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہیں۔افغانستان ہمارا برادر اسلامی اور قریبی ہمسایہ ملک ہے، جس کے ساتھ ہمارے تعلقات مذہبی، ثقافتی اور تاریخی رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔ دونوں ممالک کے مابین پائے جانے والے تمام تحفظات کو باہمی اعتماد اور تعاون کے ذریعے حل کیا جانا…
— Asad Qaiser (@AsadQaiserPTI) October 19, 2025
اسد قیصر کا کہنا تھا کہ پاک افغان تجارت سے ترقی و خوشحالی کے نئے دروازے کھل سکتے ہیں، بہتر تعلقات پورے خطے میں پائیدار امن اور معاشی استحکام لا سکتے ہیں، امید ہے امن معاہدے کے بعد اعتماد کی فضا مزید مضبوط ہو گی، سرحدیں تجارت کے لیے کھولی جائیں گی اور مثبت پیش رفت جاری رہے گی۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان اور افغانستان کے درمیان مذاکرات کامیاب
خیال رہے کہ قطر کے دارالحکومت دوحا میں ہونے والے مذاکرات کے دوران پاکستان اور افغانستان کے درمیان سیز فائر معاہدہ طے پاگیا، وزیر دفاع خواجہ آصف نے سیز فائر معاہدے کی تصدیق کردی۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ معاہدے کے تحت دونوں ہمسایہ ممالک ایک دوسرے کی سرزمین کا احترام کریں گے اور دہشت گردی کے تمام واقعات کا فوری خاتمہ کیا جائے گا، اب افغانستان کی سرزمین سے پاکستان پر کسی بھی قسم کی دہشت گردی نہیں ہوگی۔
پاکستان اور افغانستان کے مابین سیز فائر کا معاہدہ طے پاگیا۔ پاکستان کی سرزمین پہ افغانستان سے دھشت گردی کا سلسلہ فی الفور بند ھوگا۔ دونوں ھمسایہ ملک ایک دوسرے کی سرزمین کا احترام کریں گے الحمدوللہ
— Khawaja M. Asif (@KhawajaMAsif) October 18, 2025
25اکتوبر کو استنبول میں دوبارہ وفود میں ملاقات ھو گی۔ اور تفصیلی معاملات بات ھوگی۔… pic.twitter.com/OKNbRuXEPU
انہوں نے مزید بتایا کہ 25 اکتوبر کو استنبول میں دونوں ممالک کے وفود کے درمیان ایک اور ملاقات ہو گی، جس میں مزید نکات پر تفصیلی بات چیت کی جائے گی۔