
وزیر دفاع خواجہ آصف نے سیز فائر معاہدے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ہمسایہ ممالک ایک دوسرے کی سرزمین کا احترام کریں گے اور دہشت گردی کے تمام واقعات کا فوری خاتمہ کیا جائے گا۔
قطری وزارتِ خارجہ کی جانب سے اعلان کیا گیا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان جنگ بندی کا فیصلہ قطر اور ترکیے کی ثالثی میں دوحہ مذاکرات کے دوران ہوا۔
قطری حکام کے مطابق دونوں ممالک نے آئندہ چند دنوں میں مزید ملاقاتیں کرنے اور دیرپا امن کیلئے ایک مستقل مکینزم تشکیل دینے پر بھی اتفاق کیا ہے۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر بیان میں کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان سیز فائر معاہدہ طے پا گیا ہے، اب افغانستان کی سرزمین سے پاکستان پر کسی بھی قسم کی دہشت گردی نہیں ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں:افغانستان کی درخواست پر پاکستان نے جنگ بندی میں توسیع کردی
خواجہ آصف نے مزید بتایا کہ 25 اکتوبر کو استنبول میں دونوں ممالک کے وفود کے درمیان ایک اور ملاقات ہو گی، جس میں مزید نکات پر تفصیلی بات چیت کی جائے گی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز قطری دارالحکومت دوحہ میں مذاکرات کا پہلا دور قطری انٹیلی جنس چیف عبداللہ بن محمد الخلیفہ کی میزبانی میں مکمل ہوا، جس میں پاکستانی وزیر دفاع کے ہمراہ اعلیٰ سیکیورٹی حکام نے بھی شرکت کی۔