باراتیوں کی بس کھائی میں جا گری، 5 افراد جاں بحق، متعدد زخمی
ہری پور میں باراتیوں سے بھر بس بے قابو ہو کر گہری کھائی میں جا گری۔
فائل فوٹو
ہری پور: (سنو نیوز) ہری پور میں باراتیوں سے بھر بس بے قابو ہو کر گہری کھائی میں جا گری۔

پولیس کے مطابق خیبرپختونخوا کی تحصیل ہزارہ میں باراتیوں کی بس تیز رفتاری کے باعث بے قابو ہو کر گہری کھائی میں جا گری جس کے نتیجے میں 4 خواتین سمیت ایک بچہ موقع پر جاں بحق ہو گیا جبکہ افسوسناک حادثے میں 47 افراد زخمی ہوئے۔

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں، ریسکیو ٹیموں نے جائے حادثہ سے زخمیوں کو ریسکیو کیا اور فوری طبی امداد فراہم کی اور ٹراما سینٹر منتقل کردیا۔

پولیس کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والی بدقسمت بس میں مرد، خواتین اور بچےبھی سوار تھے، حادثے میں زخمی ہونے والوں میں خواتین اور بچوں سمیت 47 افراد شامل ہیں۔

ریسکیو ٹیموں نے لاشوں اور زخمیوں کو ٹراما سینٹر منتقل کر دیا جبکہ شدید زخمیوں کو ایبٹ آباد ریفر کردیا گیا، حادثے میں جاں بحق افراد کی تعداد میں اضافے کا خدشہ بھی ظاہر کیا جارہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: مری، فاریسٹ ڈویژن کی کارروائی، 200 کنال سرکاری اراضی واگزار

ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثہ بس کی بریک فیل ہونے کے باعث پیش آیا، تاہم پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ حادثے کی وجوہات کا تعین کیا جا سکے۔

عینی شاہدین کے مطابق بس موڑ کاٹتے ہوئے تیزی سے گہری کھائی میں جا گری جس کے بعد جائے حادثہ پر چیخ و پکار مچ گئی، مقامی افراد نے بھی ریسکیو ٹیموں کے ساتھ امدادی کارروائیوں میں حصہ لیا۔

ضلعی انتظامیہ نے حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت دی ہے جبکہ جاں بحق خواتین کے لواحقین کے ساتھ اظہارِ تعزیت کیا ہے۔