بلدیاتی انتخابات میں پی ٹی آئی میدان سے باہر؟
PTI local elections
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات سے متعلق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کیلئے بڑی مشکل سامنے آگئی۔

ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اپنے امیدواروں کو میدان میں نہیں اتار سکے گی کیونکہ اس کے پاس اس وقت کوئی انتخابی نشان موجود نہیں ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر پارٹی کے حمایت یافتہ امیدوار آزاد حیثیت میں کامیاب بھی ہو جائیں تو وہ بعد میں تحریک انصاف میں شمولیت اختیار نہیں کر سکیں گے۔ نئے بلدیاتی قانون کے تحت ہر منتخب کونسلر کو 30 دن کے اندر کسی سیاسی جماعت میں شمولیت اختیار کرنا لازمی ہے، بصورت دیگر وہ اپنی نشست سے محروم ہو سکتا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) انٹرا پارٹی الیکشن کیس گزشتہ 19 ماہ سے الیکشن کمیشن میں زیرِ التواء ہے۔ پارٹی کی جانب سے قانونی ٹیم نے اس مقدمے کے تصفیے کیلئے خاطر خواہ دلچسپی نہیں لی، جس کے باعث معاملہ تاحال حل نہیں ہو سکا۔

یہ بھی پڑھیں:عمران خان نے سہیل آفریدی کو کابینہ کی تشکیل کا اختیار دے دیا

خیال رہے کہ لاہور ہائیکورٹ میں جاری اسٹے آرڈر کے باعث الیکشن کمیشن نے اس کیس کی سماعت روک رکھی ہے۔

سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر فیصلہ جلد نہ آیا تو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بلدیاتی انتخابات سے عملی طور پر باہر ہو جائے گی، جس سے پنجاب کی سیاسی صورتحال پر گہرے اثرات مرتب ہوں گے۔