امپیریل کالج لندن کا پاکستان میں کیمپس کا قیام
Imperial College London
فائیل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) امپیریل کالج لندن نے پاکستان میں اپنا پہلا مقامی کیمپس نواز شریف آئی ٹی سٹی میں قائم کرنے کا اعلان کر دیا۔

وزیرِاعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں نواز شریف آئی ٹی سٹی، سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ (CBD) اور راوی اربن ڈیولپمنٹ اتھارٹی (RUDA) کے منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔

حکام نے وزیر اعلیٰ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ امپیریل کالج لندن پاکستان میں اپنا پہلا مقامی کیمپس نواز شریف آئی ٹی سٹی میں قائم کرے گا جس کا سنگ بنیاد رواں سال نومبر میں رکھا جائے گا۔ اس کیمپس میں ایک جدید ترین 300 بستروں پر مشتمل ٹیچنگ اسپتال بھی شامل ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: میڈیکل امتحانات کے لیے ڈیجیٹل رجسٹریشن اور مینجمنٹ سسٹم متعارف

مریم نواز نے ہدایت دی کہ راوی ڈویلپمنٹ پلان کے تحت دریائی حفاظتی بند (ریور بند) کو اگلے سیلابی موسم سے قبل مکمل کیا جائے تاکہ کسی ممکنہ آفت سے بچا جا سکے۔

انہوں نے مزید ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ تمام آئندہ منصوبوں کو تیزی سے مکمل کیا جائے اور ان کی تین ماہ کی پیش رفت رپورٹس باقاعدگی سے پیش کی جائیں۔