میڈیکل امتحانات کے لیے ڈیجیٹل رجسٹریشن اور مینجمنٹ سسٹم متعارف
PMDC
فائیل فوٹو
اسلام آباد:( ویب ڈیسک) پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (PMDC) نے رجسٹریشن، لائسنسنگ اور تمام امتحانات کے لیے مکمل طور پر ڈیجیٹل سسٹم متعارف کرا دیا ہے۔

یہ نیا ای آر پی (ERP) پر مبنی پلیٹ فارم دستی طریقہ کار کی جگہ لے گا اور آغاز سے انجام تک تمام سروسز کو آن لائن فراہم کرے گا۔ اب امیدوار گھر بیٹھے رجسٹریشن کر سکیں گے اپنی درخواست کی حیثیت کو حقیقی وقت میں ٹریک کر سکیں گے اور منظوری خودکار طریقے سے حاصل ہوگی جس سے تاخیر اور دفتری غلطیوں میں نمایاں کمی آئے گی۔

نیشنل رجسٹریشن ایگزامینیشن (NRE)، نیشنل ایکویویلنس بورڈ (NEB) کے اسیسمنٹس اور میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج ایڈمیشن ٹیسٹ (MDCAT) کو بھی اس ڈیجیٹل نظام کے تحت لایا گیا ہے۔ پی ایم ڈی سی کے مطابق اس تبدیلی سے ہر سال لاکھوں امیدواروں کو سفر، وقت اور انتظامی اخراجات میں بچت ہو گی۔

پی ایم ڈی سی کے صدر پروفیسر ڈاکٹر رضوان تاج نے اس انقلابی تبدیلی کو "شفافیت، کارکردگی اور ادارہ جاتی بہتری کا نیا دور" قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ کونسل نے جامع تنظیم نو مکمل کی ہے تاکہ واضح ذمہ داریاں، مالی نظم و ضبط اور رپورٹنگ کے مربوط نظام کو نافذ کیا جا سکے۔ تمام اہم عہدوں پر تعیناتیاں مکمل کر دی گئی ہیں تاکہ تسلسل اور قانونی عملداری برقرار رہے۔

یہ بھی پڑھیں: نجی اسکولوں کو 10 فیصد طلباء کو مفت تعلیم دینے کا حکم

ڈاکٹر تاج نے مزید کہا کہ ہم نے کونسل کو دوبارہ منظم کیا ہے تاکہ ڈیجیٹل گورننس اور ادارہ جاتی صلاحیت کو مضبوط بنایا جا سکے۔ یہ تبدیلی احتساب، قانونی مطابقت، اور تمام PMDC آپریشنز میں بہتر سروس فراہمی کو یقینی بناتی ہے۔

عوامی رسائی کو بڑھانے کے لیےPMDC نے کراچی، لاہور، پشاور، کوئٹہ اور گلگت بلتستان میں علاقائی فیسلیٹیشن سینٹرز قائم کیے ہیں۔ یہ مراکز لائسنسنگ، رجسٹریشن اور عوامی سوالات کے لیے ذاتی طور پر مدد فراہم کریں گے اور پاکستان بھر میں یکساں سروس تک رسائی کو یقینی بنائیں گے۔