پاکستان ریلوے کو ٹرینوں پر جیمرز نصب کرنے کی ہدایت
Pakistan Railways
فائیل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے ریلوے نے پاکستان ریلوے کو ہدایت کی ہے کہ وہ تمام ٹرینوں پر جیمرز نصب کرے۔

  یہ ہدایات حالیہ سیکیورٹی خدشات خاص طور پر جعفر ایکسپریس دھماکے کے تناظر میں جاری کی گئیں ہیں۔

کمیٹی کے چیئرمین ایم این اے رمیش لال کی زیرِ صدارت اجلاس میں کہا گیا کہ ہر ٹرین پر تین جیمرز نصب کیے جائیں تاکہ مستقبل میں اس قسم کے واقعات کو روکا جا سکے۔

اجلاس میں ریلوے کی اراضی کے انتظام، کراچی فریٹ کوریڈور پروجیکٹ اور جعفر ایکسپریس واقعے سمیت دیگر امور پر بھی گفتگو ہوئی۔

ریلوے حکام نے بریفنگ میں بتایا کہ 7 اکتوبر کو صبح 8:15 بجے کے قریب جعفر ایکسپریس کو سلطان کوٹ ریلوے اسٹیشن کے قریب ایک بم حملے کا نشانہ بنایا گیا۔ آئی ای ڈی (improvised explosive device) کے ذریعے ہونے والے اس دھماکے کے نتیجے میں پانچ بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں اور ٹریک کو بھی نقصان پہنچا۔

یہ بھی پڑھیں: ییلو لائن منصوبہ تاخیر کا شکار،لاہور ٹرانزٹ خواب ادھورا

واقعے میں سات مسافر (جن میں ریلوے ملازمین بھی شامل تھے) معمولی زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر سول اسپتال شکارپور منتقل کیا گیا۔ سکھر، لاڑکانہ اور شکارپور کی ضلعی انتظامیہ اور پولیس نے بھی فوری کارروائی کی۔

ریلوے پولیس کے ڈی آئی جی نے کمیٹی کو بتایا کہ دھماکا ریموٹ کنٹرول ڈیوائس سے کیا گیا تھا اور اس میں چار سے پانچ دھماکا خیز مواد کا استعمال کیا گیا تھا۔ ابھی تک ملزمان کی شناخت نہیں ہو سکی ہے، تاہم حساس ادارے تفتیش میں معاونت کر رہے ہیں۔ فرنٹیئر کور (FC) کے ساتھ مشترکہ گشت بھی بڑھا دیا گیا ہے تاکہ ٹریک کی سیکیورٹی یقینی بنائی جا سکے۔

اجلاس میں یہ بھی یاد دلایا گیا کہ11 مارچ کو جعفر ایکسپریس کو بلوچستان لبریشن آرمی (BLA) کے دہشتگردوں نے ہائی جیک کر لیا تھا۔ دہشتگردوں نے400 سے زائد مسافروں کو یرغمال بنایا جنہیں بعد میں فوج نے ایک آپریشن کے ذریعے بازیاب کرایا۔

آپریشن سے پہلے دہشتگردوں نے 26 مسافروں کو شہید کر دیا تھا جبکہ کارروائی کے دوران4 سیکیورٹی اہلکار بھی شہید ہوئے اور 33دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔