20 سے 24 اکتوبر تک کون کون سے راستے بند رہیں گے؟
پاکستان اور ساؤتھ افریقہ کے میچز کیلئے ٹریفک پلان جاری کر دیا گیا، جس میں 20 سے 24 اکتوبر تک راستوں کی بندش کے حوالے سے بتایا گیا ہے
پاکستان اور ساؤتھ افریقہ کے میچز کیلئے ٹریفک پلان جاری کیا/ فائل فوٹو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان اور ساؤتھ افریقہ کے میچز کیلئے ٹریفک پلان جاری کر دیا گیا، جس میں 20 سے 24 اکتوبر تک راستوں کی بندش کے حوالے سے بتایا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان اور ساؤتھ افریقہ کے درمیان راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہونے والے میچز کے لیے ٹریفک پولیس نے خصوصی ٹریفک پلان جاری کر دیا ہے۔ ترجمان ٹریفک پولیس نے بتایا کہ 367 سے زائد ٹریفک افسران و اہلکار ڈیوٹی کے فرائض سرانجام دیں گے۔ ٹیموں کی نقل و حرکت کے دوران ٹریفک کو متبادل راستوں پر ڈائیورٹ کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: پاک جنوبی افریقہ ٹی 20 سیریز، بابر اعظم کی واپسی متوقع

اسلام آباد سے آنے والی ٹریفک کو فیض آباد سے ایکسپریس وے کی طرف موڑا جائے گا، جبکہ راولپنڈی سے اسلام آباد جانے والی ٹریفک سکستھ روڈ سے سید پور کی طرف روانہ کی جائے گی۔ اسی طرح میچ کے دوران اسٹیڈیم روڈ نائنتھ ایونیو چوک سے ڈبل روڈ تک بند رہے گا۔ نائنتھ ایونیو کے راستے اسلام آباد سے آنے والے شہری آئی جے پی روڈ اور فیض آباد کے روٹس استعمال کر سکیں گے۔
سی ایس او ٹریفک کا کہنا تھا کہ کرکٹ شائقین کے لیے تین پارکنگ پوائنٹس مختص کیے گئے ہیں، جن میں سول ایوی ایشن گراؤنڈ، شہباز شریف پارک، اور گریجویٹ کالج شامل ہیں۔ شائقین کی سہولت کے لیے پارکنگ ایریاز سے اسٹیڈیم تک شٹل سروس بھی فراہم کی جائے گی تاکہ عوام کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔