پرائیویٹ سکیم کے تحت عازمین حج کی بکنگ کی تاریخ میں توسیع
وزارت مذہبی امور نے پرائیویٹ سکیم کے تحت عازمین حج کی بکنگ کی تاریخ میں توسیع کردی۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (سنو نیوز) وزارت مذہبی امور نے پرائیویٹ سکیم کے تحت عازمین حج کی بکنگ کی تاریخ میں توسیع کردی۔

وزارت مذہبی امور کی جانب سے پرائیویٹ حج اسکیم کے تحت عازمین کی بکنگ کی آخری تاریخ 22 اکتوبر 2025 مقرر کی گئی ہے، وزارت مذہبی امور نے منظمین اور ڈی ایچ سیز کو اس حوالے سے نئی ہدایت جاری کردی، جو لوگ پرائیویٹ سکیم کے تحت حج پر جانا چاہتے ہیں وہ جلد از جلد اپنی بکنگ کرا لیں۔

ترجمان کے مطابق حج پالیسی اور سروس پرووائیڈر ایگریمنٹ کے تحت بکنگ کا عمل مکمل کیا جائے گا، سیکرٹری مذہبی امور کی منظوری سے بکنگ کی تاریخ میں توسیع کی گئی۔

وزارت مذہبی امور کی جانب سے ہدایت کی گئی ہے کہ پرائیویٹ حج اسکیم کی بکنگ توسیع شدہ تاریخ تک مکمل کی جائے۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب حکومت نے مذہبی جماعت پر پابندی کی سفارش کر دی

وزارت مذہبی امور کے ترجمان نے مزید بتایا ہے کہ پرائیویٹ حج ٹور آپریٹرز کی جانب سے 55 ہزار 500 عازمین کی بکنگ کرلی گئی تاہم ساڑھے چار ہزار افراد کا کوٹہ تاحال خالی ہے۔

وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے نجی حج آپریٹرز کو بکنگ بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بر وقت بکنگ مکمل کرنے کے لیے آگہی مہم چلائی جائے، وزارت مذہبی امور حج بکنگ میں تیزی کے لیے پرائیویٹ آپریٹرز کو تحریری ہدایت بھی دے چکی ہے۔

خیال رہے کہ پرائیویٹ حج اسکیم کے کی بکنگ کا آغاز 19 ستمبر کو کیا گیا تھا، رواں سال گزشتہ برس محروم رہ جانے والے 21 ہزار 654 عازمین کو بھی حج پر بھجوایا جائے گا۔