پی ٹی آئی جنرل سیکرٹری سینٹرل پنجاب اپنے عہدے سے مستعفی
PTI MNA Bilal Ejaz resignation
فائل فوٹو
لاہور:(ویب ڈیسک) پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما اور رکنِ قومی اسمبلی چوہدری بلال اعجاز نے جنرل سیکرٹری سینٹرل پنجاب کے عہدے سے مستعفی ہو گئے۔

بلال اعجاز نے اپنا استعفیٰ پارٹی کے سیکرٹری جنرل کو بھجوا دیا۔ اپنے استعفے میں انہوں نے تحریر کیا کہ 9 مئی کے 5 مقدمات میں انہیں مجموعی طور پر 50 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے، جس کے بعد وہ ذہنی طور پر سکون محسوس نہیں کر پا رہے۔

انہوں نے کہا کہ اس صورتحال میں پارٹی کے اہم انتظامی امور پر توجہ دینا ممکن نہیں، لہٰذا بہتر یہی ہے کہ ان کی جگہ کسی ایسے ورکر کو تعینات کیا جائے جو پارٹی کیلئے بھرپور طور پر کام کر سکے۔

چوہدری بلال اعجاز نے واضح کیا کہ وہ پارٹی کے عام کارکن کے طور پر اپنا کردار جاری رکھیں گے اور بانیِ چئیرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رہائی کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔

یہ بھی پڑھیں:عمران خان نے سہیل کو مبارکباد دی اور کہا اب انقلاب آئیگا: نورین

دوسری جانب ان کے استعفے کے بعد سینٹرل پنجاب میں پارٹی کی تنظیمی ساخت میں اہم تبدیلیوں کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، پارٹی ذرائع کے مطابق جلد ہی نئے جنرل سیکرٹری کا اعلان متوقع ہے۔

سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ بلال اعجاز کا استعفیٰ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے تنظیمی ڈھانچے کیلئے ایک بڑا نقصان تصور کیا جا رہا ہے، جو پہلے ہی مشکلات کے دور سے گزر رہی ہے۔