عمران خان نے سہیل کو مبارکباد دی اور کہا اب انقلاب آئیگا: نورین
بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہمشیرہ نورین نیازی نے کہا ہے کہ عمران خان نے کہا ہے کہ مجھے پیرول پر باہر نکالیں
عمران خان کی بہن نورین خان اڈیالہ جیل کے باہر گفتگو کر رہی ہیں/ فائل فوٹو
راولپنڈی ( خبر نگار ) بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہمشیرہ نورین نیازی نے کہا ہے کہ عمران خان نے کہا ہے کہ مجھے پیرول پر باہر نکالیں، پارٹی جمعہ کے بعد جوڈیشل کمیشن کیلئے احتجاج کرے یہ نہ بنا تو پھر مشکل ہو جائے گا۔

اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا عمران نے 26 نومبر، کشمیر اور مریدکے واقعات پر جوڈیشل کمیشن بنانے کا بھی کہا، کے پی کے وزیر اعلیٰ آئے مگر ان کو اجازتِ نہیں ملی، بانی نے ان کو مبارکباد دی اور کہا اب انقلاب آئے گا، علی آمین گنڈاپور کے بارے میں کہا کہ انہوں نے خوش اسلوبی سے حکومت منتقل کی ہے۔
نورین نیازی کا مزید کہنا تھا کہ جمہوری حکومت ہی امن لا سکتی ہے، مینڈیٹ چوری کرنے والوں کے پاس کوئی سلوشن نہیں ہوتا۔ بانی خود چاہتے ہیں فیصلے عدالتوں کے ذریعے ہوں۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان اور بشریٰ بی بی کیخلاف توشہ خانہ کیس میں اہم پیشرفت

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ کوئی بھی ملزم جیل میں ہو اس کی ضمانت کا فیصلہ دو ماہ میں ہونا چا ہئے، بانی پی ٹی آئی کے کیس آزاد عدلیہ کے سامنے آئیں گے تو ختم ہو جائیں گے ، بانی نے کہا ہم نے کبھی نہیں کہا کہ جج کونسا ہو مگر جلد فیصلے ہوں۔ آج بھی بانی کا کیس ڈی لسٹ ہوا اگر دیر نہ ہو تو انصاف مل جاتا۔
قبل ازیں اڈیالہ جیل میں جاری توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت 29 اکتوبر تک ملتوی کر دی گئی۔ پراسیکوشن جواب الجواب دے گی۔ بشریٰ بی بی نے جیل میں بہتر سہولیات دینے کی درخواست دیدی ۔ جیل حکام سے دو دن میں رپورٹ طلب کر لی گئی۔
جمعرات میں اڈیالہ جیل میں سپیشل جج سنٹرل شاہ رخ ارجمند نے توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت کی۔ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو اڈیالہ جیل سے پیش کیا گیا۔ دوران سماعت وکیل صفائی بیرسٹر سلمان صفدر کی جانب سے دونوں ملزمان کے حق میں دلائل مکمل کیے گئے۔
تفتیشی آفیسر شاہد پرویز ملک نے عدالت کو بتایا کہ دونوں پراسیکیوٹرز آج دستیاب نہیں ہیں اور انہیں مختصر جوابی دلائل دینا ہیں، اس لیے وقت دیا جائے۔ عدالت نے پراسیکیوٹرز کی استدعا منظور کرتے ہوئے مقدمے کی سماعت ملتوی کر دی۔پراسیکیوٹرز جوابی دلائل 29 اکتوبر کو پیش کریں گے۔ سماعت کے موقع پر بانی کی تینوں بہنیں علیمہ خان ڈاکٹر عظمی نورین نیازی بھی عدالت میں موجود تھیں۔