2026 کا پہلا روزہ اور عیدالفطر کب ہوگی؟ تاریخ سامنے آگئی
Ramadan 2026 1st Rooza
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) رمضان المبارک کی آمد میں اب صرف چند ماہ باقی رہ گئے ہیں، دنیا بھر کے مسلمان اس بابرکت مہینے کا شدت سے انتظار کر رہے ہیں۔

اس حوالے سے ماہرین فلکیات اور موسمیات نے سال 2026 میں پہلا روزہ اور عیدالفطر کے ممکنہ ایام کے بارے میں اہم پیشگوئی جاری کی ہے۔

العربیہ کے مطابق اماراتی فلکیاتی انجمن نے نئے ہجری سال 1477 کیلئے فلکیاتی مشاہدات کی بنیاد پر پیشگوئی کی ہے کہ پہلا روزہ جمعرات 19 فروری 2026 کو ہونے کا امکان ہے۔

انجمن صدر ابراہیم جروان کے مطابق رمضان 1447 ہجری کا چاند منگل 17 فروری 2026 کو شام 4 بجکر ایک منٹ پر (اماراتی وقت کے مطابق) پیدا ہوگا، جو سعودی عرب کے وقت کے مطابق 3 بجکر ایک منٹ بنتا ہے، اس روز سورج غروب ہونے کے تقریباً ایک منٹ بعد ہی چاند غائب ہو جائے گا، جس کے باعث اس شام ہلال نظر آنے کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہیں۔

فلکیاتی ماہرین کے مطابق غروبِ آفتاب کے وقت چاند کی عمر صرف دو گھنٹے 12 منٹ ہوگی، لہٰذا اس رات ہلال دیکھنے کا امکان بہت کم ہے۔ اسی بنیاد پر پیشگوئی کی گئی ہے کہ یکم رمضان المبارک 19 فروری بروز جمعرات کو ہونے کا قوی امکان ہے۔

یہ بھی پڑھیں:اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کے حوالے سے اہم پیشرفت

اماراتی فلکیاتی انجمن کے صدر نے مزید بتایا کہ رمضان 1447 ہجری 29 روزوں پر مشتمل ہوگا، جبکہ عیدالفطر جمعہ 20 مارچ 2026 کو منائے جانے کا امکان ہے۔

واضح رہے کہ اسلامی مہینوں کی حتمی تاریخوں کا اعلان مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی کے مشاہدے کے بعد کیا جاتا ہے، جو چاند کی رویت کی بنیاد پر سرکاری طور پر تاریخوں کی تصدیق کرتی ہے۔