
اطلاعات کے مطابق وزیر خوراک چوہدری اکبر ابراہیم اور وزیر خزانہ عبدالماجد خان نے انوار سرکار سے راستے جدا کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے فارورڈ بلاک سے علیحدگی اختیار کر لی ہے۔
ذرائع کے مطابق دونوں وزراء نے وزیر اعظم انوار الحق کیخلاف ممکنہ تحریک عدم اعتماد میں اعلانیہ ووٹ دینے کا فیصلہ کر لیا۔ اس پیش رفت کے بعد حکومت کو اسمبلی میں اپنی عددی برتری برقرار رکھنے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
سیاسی حلقوں کا کہنا ہے کہ یہ صرف آغاز ہے، آئندہ چند گھنٹوں میں مزید ارکان اسمبلی بھی فارورڈ بلاک اور حکومت سے علیحدگی کا اعلان کر سکتے ہیں۔ اس صورتِ حال نے انوار سرکار کیلئے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:مولانا فضل الرحمان کا اسلام آباد آنے کی تیاریوں کا اعلان
ذرائع کے مطابق چوہدری اکبر ابراہیم اور عبدالماجد خان آج مظفرآباد میں پریس کانفرنس کے دوران اپنے فیصلے کا باضابطہ اعلان کریں گے۔
سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق آزاد کشمیر کی موجودہ صورتحال ایک نئے سیاسی بحران کا پیش خیمہ ثابت ہو سکتی ہے، اگر مزید چند ارکان نے حکومت کا ساتھ چھوڑ دیا تو انوار الحق کی حکومت کا برقرار رہنا تقریباً ناممکن ہو جائے گا۔
دوسری جانب اپوزیشن جماعتیں اس موقع سے فائدہ اٹھانے کیلئے متحرک ہو گئی ہیں۔