
صدر الخدمت ڈاکٹر حفیظ الرحمان قاہرہ میں ریڈکریسنٹ مصر، پاکستانی سفارت خانے اور بین الاقوامی شراکت دار اداروں سے ملاقاتوں میں جاری اور مستقبل کے ریلیف و بحالی منصوبوں پر بات چیت کریں گے۔
روانگی سے قبل ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جنگ بندی کے بعد غزہ کے لاکھوں متاثرہ فلسطینیوں کی بحالی کیلئے جامع منصوبہ بندی ناگزیر ہے، اسی مقصد کیلئے قاہرہ کا دورہ کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ قاہرہ میں ریڈکریسنٹ مصر، پاکستانی سفارت خانے اور بین الاقوامی شراکت دار اداروں سے ملاقاتوں میں جاری اور مستقبل کے ریلیف و بحالی منصوبوں پر بات چیت کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: حدیقہ کیانی اور الخدمت کا سیلاب متاثرین کے لیے بڑا ریلیف آپریشن
ڈاکٹر حفیظ الرحمان کا کہنا تھا کہ الخدمت فاؤنڈیشن اب تک غزہ کے 361 میڈیکل اور نان میڈیکل طلبہ کی پاکستان میں میزبانی کر چکی ہے جن میں سے 49 طلبہ اپنی تعلیم مکمل کر چکے ہیں، حالیہ دورے کے دوران فلسطینی سٹوڈنٹس اور تعلیمی اداروں کے سربراہان سے ملاقاتیں بھی شیڈول کا حصہ ہیں تاکہ مزید طلبہ کو اکیڈمک اسکالرشپ کے تحت پاکستان لاکر ان کی مکمل کفالت کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ جنگ بندی کے بعد 6 ہزار فلسطینیوں کیلئے ایک ماہ کے فوڈ پیکجز کی تیاری بھی جاری ہے ، الخدمت فاؤنڈیشن غزہ متاثرین کیلئے امدادی و بحالی سرگرمیوں کا سلسلہ ہر قیمت پر جاری رکھے گی۔



