شاندانہ گلزار پر جعلی تصویر شیئر کرنے کی تحقیقات شروع
Shandana Gulzar
فائیل فوٹو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنما شاندانہ گلزار کے خلاف ایک جعلی تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کرنے پر تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا۔

جعلی تصویرمیں وزیرِاعظم شہباز شریف کو اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کے ساتھ دکھایا گیا تھا۔

اسلام آباد میں واقع نیشنل سائبر کرائم اتھارٹی (NCCA) نے اس معاملے پر کارروائی کرتے ہوئے شاندانہ گلزار کے خلاف باقاعدہ انکوائری شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

سرکاری ذرائع کے مطابق شاندانہ گلزار کو جلد ہی ایک نوٹس جاری کیا جائے گا جس میں ان سے اس عمل کی وضاحت اور ثبوت فراہم کرنے کا کہا جائے گا۔

یہ انکوائری اس سوشل میڈیا پوسٹ کے بعد شروع ہوئی جو شاندانہ نے کی جس میں انہوں نے یہ دعویٰ کیا کہ پاکستان کے وزیراعظم نے حالیہ امن کانفرنس (جو مصر میں منعقد ہوئی) کے دوران اسرائیلی وزیراعظم سے مصافحہ کیا۔

بعد میں کی جانے والی تحقیقات سے انکشاف ہوا کہ تصویر جعلی تھی اور مصنوعی ذہانت (AI) کے ذریعے تیار کی گئی تھی جس میں نیتن یاہو کا چہرہ آرمینیا کے رہنما کے چہرے پر ڈیجیٹل طریقے سے چسپاں کیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب حکومت کی مذہبی جماعت پر پابندی عائد کرنے کی سفارش

شاندانہ گلزار نے بعد ازاں یہ پوسٹ اپنی سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے ہٹا دی لیکنNCCA نے معاملے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے کیس درج کر لیا اور تفتیش شروع کر دی ہے۔

یہ فیصلہ ظاہر کرتا ہے کہ حکام اس عمل کو ایک سنجیدہ معاملہ سمجھ رہے ہیں جو کہ ممکنہ طور پر جعلی معلومات پھیلانے اور ڈیجیٹل بدنامی (Defamation) کے زمرے میں آتا ہے۔

یاد رہے کہ شاندانہ گلزار تحریک انصاف کی ایک سرگرم رہنما اور خیبرپختونخوا سے سابق رکنِ قومی اسمبلی بھی رہ چکی ہیں۔ وہ ماضی میں سیاسی طور پر متنازع بیانات دینے کی وجہ سے بھی خبروں کی زینت بن چکی ہیں۔