
تفصیلات کے مطابق لاہور کے ایل ڈی اے کمپلیکس میں قائم سول کورٹ میں صبح تقریباً ساڑھے چھ بجے اچانک آگ لگ گئی۔ آگ نے تیزی سے پھیلتے ہوئے چھ منزلہ عمارت کے تین فلورز کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، اس افسوسناک واقعے کے نتیجے میں عدالتی ریکارڈ اور قیمتی سامان مکمل طور پر جل کر راکھ ہو گیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی متعدد گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں، ریسکیو اہلکاروں نے ایک گھنٹے کی بھرپور جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پا لیا۔ خوش قسمتی سے کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم چوکیدار اور اس کے اہلِ خانہ سمیت 9 افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا۔
رپورٹس کے مطابق آگ لگنے کی وجوہات کا تعین تاحال نہیں ہو سکا، تاہم ابتدائی شبہ شارٹ سرکٹ کا ظاہر کیا جا رہا ہے۔ آگ بجھانے کے بعد عدالتی ریکارڈ کے نقصان کا اندازہ لگانے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق واقعے کے وقت عمارت تقریباً خالی تھی، جس کی وجہ سے بڑے حادثے سے بچاؤ ممکن ہو سکا۔ انتظامیہ نے سول کورٹ میں تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے تاکہ آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کی جا سکے۔



